کشمیریوں پر بھارتی مظالم بند کرائے جائیں: چودھری شجاعت حسین، برطانوی ارکان پارلیمنٹ کی ملاقات

نوازشریف نے کشمیریوں کے حقوق کی بات نہیں کی اور لاہور ایسے آ رہے ہیں جیسے کشمیر فتح کر کے، پکڑے بھی چوری میں گئے اور سپریم کورٹ نے پکڑا ہے: چودھری پرویزالٰہی

لاہور(07اگست2017) پاکستان مسلم لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین اور سینئرمرکزی رہنما و سابق نائب وزیراعظم چودھری پرویزالٰہی سے برطانوی لیبر پارٹی کے رکن اور شیڈو سیکرٹری آف سٹیٹ اور لیبر پارٹی کی الیکشن مہم کے سربراہ اینڈریو گووین، رکن یورپی پارلیمنٹ واجد خان، اور مانچسٹر کے عاصم رشید نے ملاقات کی۔ جبکہ اس موقع پر چودھری شفاعت حسین، وہاب رفیق اور رشید یعقوب بھی موجود تھے۔ چودھری شجاعت حسین اور چودھری پرویزالٰہی نے زور دیا کہ عالمی برادری اور انسانی حقوق کی تنظیمیں کشمیریوں پر بھارتی مظالم کا نوٹس لیں اور انہیں بند کرانے کیلئے فوری اقدامات کریں۔ مسلم لیگی قائدین نے پاک برطانیہ روابط میں مزید قربت اور بہتری کی ضرورت پر زور دیا۔ اینڈریو گووین نے دونوں ملکوں میں تاریخی تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ وہ پہلی بار پاکستان آئے ہیں اور پاکستانیوں کی محبت، ملنساری اور گرم جوشی سے بہت خوشی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ برطانیہ میں بھی سیاسی حالات تبدیل ہو رہے ہیں اور وہاں قبل از وقت الیکشن کا مطالبہ سامنے آ سکتا ہے۔ چودھری شجاعت حسین نے مزید کہا کہ کشمیریوں کی قیادت نوجوانوں کے ہاتھوں میں ہے، بھارت ظلم و ستم سے ان کی تحریک ختم نہیں کر سکتا، مقبوضہ کشمیر سے بھارتی فوجوں کے انخلا کے بغیر وہاں امن قائم ہو سکتا ہے نہ مظالم کا خاتمہ۔پاکستان کی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ متفقہ انتخابی اصلاحات کے بغیر الیکشن کی شفافیت پر سوال اٹھتے رہیں گے، انتخابی اصلاحات کی فوری ضرورت ہے۔ چودھری پرویزالٰہی نے نوازشریف کے جلوس پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ نوازشریف نے کشمیریوں کے حقوق کی بات نہیں کی لیکن لاہور ایسے آ رہے ہیں جیسے کشمیر فتح کر کے آ رہے ہیں جبکہ وہ پکڑے بھی چوری میں گئے ہیں اور پکڑا بھی سپریم کورٹ نے ہے اور نااہل قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں نے پنجاب میں اپنی وزارت اعلیٰ کے دوران ریسکیو سروس 1122 برطانیہ کی طرز پر شروع کی تھی لیکن ہمارا رسپانس ٹائم وہاں سے کم تھا اسی طرح ہم نے تعلیم و صحت کے شعبوں میں بہتری کیلئے بہت کام کیا لیکن افسوس کہ موجودہ حکمرانوں نے عوام کیلئے کچھ نہیں کیا، نوازشریف اپنی پرانی غلطیاں دہرا رہے ہیں۔

Share