سانحہ ماڈل ٹاؤن کے شہداء اور زخمیوں کو انصاف فراہم کیا جائے: چودھری ظہیرالدین

چودھری شجاعت حسین اور پرویزالٰہی کی قیادت میں پاکستان مسلم لیگ عوامی تحریک کی جدوجہد میں برابر کی شریک ہے: ناصر باغ میں اجتماع سے خطاب

لاہور(08اگست2017) پاکستان مسلم لیگ پنجاب کے جنرل سیکرٹری چودھری ظہیرالدین خان نے ناصر باغ میں سانحہ ماڈل ٹاؤن کے حوالے سے منعقدہ اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ کے قائد چودھری شجاعت حسین اور چودھری پرویزالٰہی نے ہر فورم پر آواز بلند کی ہے کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے متاثرین کو فوری انصاف فراہم کیا جائے، جسٹس باقر نجفی کی رپورٹ شائع کی جائے، شہداء ماڈل ٹاؤن کو ہم خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔ اس موقع پر میاں منیر اور سینکڑوں مسلم لیگی کارکن بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ کا ہر ورکر عوامی تحریک کے ساتھ کھڑا ہے، ڈاکٹر طاہر القادری کو حکمرانوں نے ہر طریقے سے دبانے کی کوشش کی مگر وہ جھکے نہ بکے، اس وقت کشمیر میں چھ لاکھ بھارتی فوج قابض ہے مگر انہوں نے وہ کام نہیں کیا جو ماڈل ٹاؤن میں پنجاب پولیس نے کیا، درود پڑھتی خواتین اور بچوں پر سیدھی گولیاں چلائی گئیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ انصاف کے حصول کیلئے عوامی تحریک کے ساتھ کھڑی ہے، ہم سیاست عوام کیلئے کرتے ہیں مگر حکمران سیاست کسی اور مقصد کیلئے کرتے ہیں۔ چودھری ظہیرالدین نے کہا کہ جسٹس باقر نجفی کی رپورٹ کو فوری شائع کیا جائے تاکہ جھوٹ کا جھوٹ اور سچ کا سچ عوام کے سامنے آ سکے۔ انہوں نے کہا کہ ہم عمران خان کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں جنہوں نے پانامہ کیس میں نوازشریف کو بے نقاب کیا، اپوزیشن جماعتوں کو ایک ہونا ہوگا اور مل کر ظالم حکمرانوں کا مقابلہ کرنا ہوگا، سانحہ ماڈل ٹاؤن کے مجرموں کو قرار واقعی سزا ملنے تک ہمارا احتجاج جاری رہے گا۔

Share