پاکستان مسلم لیگ مزدوروں کی اصل خیرخواہ، موجودہ حکمرانوں نے جینا مشکل کر دیا: چودھری شافع حسین

حکمران کرپشن بچانے میں مصروف ہیں، مزدور دشمن پالیسیوں سے بیروزگاری اور تنگ دستی بڑھ گئی: لیبر ونگ کے وفد سے گفتگو

لاہور(08نومبر2017) پاکستان مسلم لیگ کے مرکزی رہنما اور صدر پاکستان کبڈی فیڈریشن چودھری شافع حسین نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ مزدوروں کی اصل خیرخواہ ہے، اپنے دور میں بے مثال اور انقلابی اقدامات کیے جبکہ موجودہ حکمرانوں نے ان کا جینا مشکل کر دیا ہے۔ وہ یہاں پاکستان مسلم لیگ لیبر ونگ پنجاب کے جنرل سیکرٹری چودھری محمد اشرف نے نمائندہ وفد سے گفتگو کر رہے تھے۔ وفد نے چودھری شافع حسین کو پاکستان کبڈی فیڈریشن کا صدر منتخب ہونے پر مبارکباد دی اور لیبر ونگ کی تنظیم سازی کے متعلق آگاہ کیا۔ چودھری شافع حسین نے وفد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ نے ہمیشہ مزدوروں کی فلاح و بہبود کیلئے عملی اقدامات کیے ہیں، سوشل سکیورٹی ہسپتال، لیبر کالونیاں اور کم سے کم اجرت میں اضافہ اس کے عملی ثبوت ہیں، اپنی شاندار پالیسیوں کے باعث پاکستان مسلم لیگ آج بھی مزدوروں کے دلوں میں زندہ ہے۔ چودھری شافع حسین نے کہا کہ موجودہ حکومت کی مزدور دشمن پالیسیوں سے بیروزگاری اور معاشی تنگ دستی میں اضافہ ہوا ہے، پٹرولیم مصنوعات میں اضافہ کا اثر براہِ راست عام طبقہ پر پڑتا ہے، ٹرانسپورٹ اور اشیائے خور و نوش کی قیمتوں میں اضافہ ہو جاتا ہے جبکہ حکمران دن رات اپنی کرپشن بچانے میں مصروف ہیں، ان کے دن گنے جا چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کارکن عوام کو پاکستان مسلم لیگ کے دور کے کام یاد دلائیں اور انتخابات کی تیاریاں کریں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ٹیکسٹائل انڈسٹری چالیس فیصد ملازمتیں مہیا کرتی تھی، بھارت اس قت کئی چھوٹے چھوٹے ڈیم بنا رہا ہے، حکومت کی اس پر کوئی توجہ نہیں۔ انہوں نے کہا کہ سموگ فری ٹیکنالوجی کوئلے کے پلانٹ حکومت نے نہیں لگائے جس کی وجہ سے سموگ آلودگی میں اضافہ ہوا۔ اس موقع پر چودھری شافع حسین نے مسلم لیگ لیبر ونگ لاہور کے عہدیداروں میں نوٹیفکیشن تقسیم کیے۔ وفد میں صدر مسلم لیگ لیبر ونگ لاہور عاصم بھٹی، جنرل سیکرٹری خان بہار گلشن، بابر گجر سینئر نائب صدر، سجاد حیدر نائب صدر، فیصل جاوید سندھو ایڈیشنل جنرل سیکرٹری، رائے نواز کھرل سیکرٹری اطلاعات، احسان علی ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات، ثاقب صدیقی جوائنٹ سیکرٹری پنجاب، عبدالغفور علوی سینئر نائب صدر پنجاب، عبدالکبیر نائب صدر لیبر ونگ پنجاب شامل تھے۔

Share