نئے ٹیکس حکومت کی ناکامی اور عوام کی مجبوری سے مذاق ہے: چودھری شجاعت حسین، پرویزالٰہی

اسلام آباد/ لاہور(10دسمبر2015) پاکستان مسلم لیگ کے صدرو سابق وزیر اعظم چودھری شجاعت حسین اور سینئرمرکزی رہنما و سابق نائب وزیراعظم چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ عوام پر 40ارب روپے کے نئے ٹیکسوں کا بوجھ ڈال کر حکومت نے اپنی ناکامی ثابت کر دی ہے، عوام کی محرومیوں اور مجبوریوں کے ساتھ اس سے بڑا اور کیا مذاق ہو سکتا ہے کہ یہ کہا گیا کہ اس سے عام آدمی کو کوئی فرق نہیں پڑے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو پاکستان مسلم لیگ سندھ کی تنظیم نو کے سلسلے میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں مسلم لیگ سندھ کے نئے صدر اسد علی جونیجو کے علاوہ جنرل سیکرٹری بابو غلام سرور سیال اور دیگر عہدیداروں نے شرکت کی جن میں نومنتخب ممبر ضلع کونسل عبداللطیف رند، راکیش کمار، محمد ابراہیم قلندرانی، سینئر نائب صدر ڈسٹرکٹ ویسٹ کراچی بھی شامل تھے۔ ان عہدیداروں نے اسد علی جونیجو کو مبارکباد دی اور مکمل تعاون کا یقین دلاتے ہوئے کہا کہ چودھری شجاعت حسین نے مسلم لیگ سندھ کی سربراہی کیلئے درست انتخاب کیا ہے ان کی مخلص قیادت میں مسلم لیگ سندھ کو ہر سطح پر منظم اور فعال جماعت بنایا جائے گا۔ چودھری شجاعت حسین اور چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ اسد جونیجو مخلص کارکنوں کے تعاون سے پارٹی کو سارے سندھ میں متحد کریں گے، اسد جونیجو ایماندار اور کمٹمنٹ شخصیت کے حامل ہیں، ایک عظیم مسلم لیگی خاندان سے تعلق، قومی شناخت اور اپنی ذاتی خوبیوں کے باعث ہر خاص و عام کے دل میں ان کی عزت و احترام ہے۔ اسد جونیجو نے کہا کہ وہ پارٹی کو منظم، فعال اور کارکنوں کو متحد کرنے کیلئے جلد پورے سندھ کا تفصیلی دورہ کریں گے۔ چودھری شجاعت حسین اور چودھری پرویزالٰہی نے سائیکل کے نشان پر منتخب ہونے والے ضلع کونسل کراچی کے رکن عبداللطیف رند کو مبارکباد دی۔

Click on Photo to Download

Photo CSH 01 {Dec10-15}

urdu-download

Urdu News (Inpage Format)

Share