چودھری شجاعت حسین نے اسد علی جونیجو کو پاکستان مسلم لیگ سندھ کا صدر مقرر کر دیا
December 11, 2015
Featured, Urdu News
707 Views
اسلام آباد/ لاہور(09دسمبر2015) پاکستان مسلم لیگ کے صدرو سابق وزیر اعظم چودھری شجاعت حسین نے محمد اسد علی جونیجو کو پاکستان مسلم لیگ سندھ کا صدر مقرر کر دیا ہے جنہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ بانی پاکستان قائد اعظمؒ کی جماعت ہے، وہ مخلص کارکنوں کے تعاون اور رہنمائی سے اسے پورے سندھ میں متحرک کریں گے۔ اسد جونیجو جو کہ مرحوم وزیراعظم محمد خان جونیجو کے صاحبزادے اور سابق وفاقی وزیر ہیں نے بدھ کو اسلام آباد میں چودھری شجاعت حسین، چودھری پرویز الٰہی اور سینیٹر مشاہد حسین سید سے ملاقا ت کی جنہوں نے اسد جونیجو کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ پاکستان کے ایک عظیم مسلم لیگی خاندان کے فرزند ہیں اور ان کی سب سے بڑی خوبی ان کی ایمانداری اور کمٹمنٹ ہے، ان کی ایک قومی شناخت ہے اور انہیں ہر صوبے اور ہر طبقے میں عزت کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔ مسلم لیگی قائدین نے اس امید کا اظہار کیا کہ اسد علی جونیجو کی قیادت میں پاکستان مسلم لیگ سندھ میں اپنااصل مقام پھر حاصل کرنے میں کامیاب ہوگی۔ اسد جونیجو نے یقین دلایاکہ وہ جلد ہی پاکستان مسلم لیگ سند ھ کے ہر کارکن سے خود رابطہ کریں گے اور انہیں متحد کر کے پارٹی کو سندھ میں دوبارہ مضبوط اور فعال بنائیں گے۔
