قائداعظمؒ کے خواب کی تعبیر ہم سب پر قرض ہے: چودھری شجاعت حسین، پرویزالٰہی، مونس الٰہی

لاہور(24دسمبر2015) پاکستان مسلم لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین، سینئرمرکزی رہنما و سابق نائب وزیراعظم چودھری پرویزالٰہی اور مونس الٰہی نے کہا ہے کہ بانی پاکستان محمد علی جناحؒ نے حصول پاکستان کے بعد اس خطہ ارض کو امن و خوشحالی کا گہوارہ اور اسلامی فلاحی مملکت بنانے کا جو خواب دیکھا تھا اس کو عملی جامہ پہنانا ہر پاکستانی کا فرض ہے اور قائداعظمؒ کے اس خواب کو تعبیر دینے کا قرض ابھی تک ہم پر باقی ہے، مسیحی اور دیگر اقلیتیں ہمارے بھائی ہیں جنہیں آئین پاکستان میں مکمل تحفظ اور حقوق دئیے گئے ہیں، پاکستان مسلم لیگ اسلامی تعلیمات اور قائداعظمؒ کے فرمودات کے مطابق ان کے حقوق کا مکمل تحفظ کرتی رہے گی اور ان کے ہر دکھ و سکھ میں ماضی کی طرح ان کے ساتھ ہمیشہ کھڑی رہے گی۔ انہوں نے یوم قائداعظمؒ اور کرسمس پر اپنے تہنیتی پیغامات میں کہا کہ قائداعظمؒ کی ولولہ انگیز قیادت میں ماؤں، بہنوں، بیٹیوں، جوانوں اور بزرگوں کی عظیم قربانیوں کے بعد حاصل کیے گئے اس ملک کا لاحق تمام خطرات سے تحفظ کرنا ہر پاکستانی کا فرض اولین ہے اور ہمیں آج بھی تحریک پاکستان والے جذبہ کا عملی مظاہرہ کرنا ہو گا کیونکہ یہ ملک ہے تو ہم پاکستانی بھی ہیں اور یہ ہم سب کے تحفظ اور عزت و وقار کا ضامن ہے، ہمیں پاکستان کے دوستوں اور دشمنوں میں تمیز کرنا ہو گی، پاکستان کی سالمیت و یکجہتی کے تحفظ کیلئے انہوں نے مسلح افواج کو عظیم قربانیوں پر خراج تحسین و عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ تمام پاکستانیوں کو شانہ بشانہ مل کر پاکستان کی ترقی، خوشحالی اور سربلندی کیلئے جدوجہد کرنا ہو گی جس میں مسیحیوں سمیت تمام اقلیتیں بھی شامل ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ مسیحی بھائی کرسمس کے مبارک موقع پر پاکستان کی سلامتی و استحکام کیلئے خصوصی دعائیں کریں گے جن کی فلاح و بہبود کیلئے خصوصی اقدامات پاکستان مسلم لیگ کے منشور میں شامل ہیں۔

urdu-download

Share