عقل نہ دانش، حکمرانوں کیلئے ہر مسئلہ کا حل بندے مارنا ہے: چودھری پرویزالٰہی
February 6, 2016
Featured, News, Urdu News
566 Views
لاہور(06فروری2016) پاکستان مسلم لیگ کے سینئرمرکزی رہنما و سابق نائب وزیراعظم چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ پی آئی اے کے پڑے لکھے ملازمین کا احتجاج ہو یا سانحہ ماڈل ٹاؤن حکمرانوں کیلئے ہر مسئلہ کا حل بے گناہ بندے مارنا ہے کیونکہ ان میں عقل ہے نہ دانش کہ مذاکرات سے معاملات طے کر سکیں، اورنج لائن بھی ہمارا منصوبہ تھا لیکن وہ انڈرگراؤنڈ تھا، اس میں پنجاب حکومت کی کوئی سبسڈی تھی نہ اس سے کسی غریب کا گھر گرتا نہ ہی تاریخی عمارتیں تباہ ہوتیں۔ وہ سابق صوبائی وزیر اور پاکستان مسلم لیگ پنجاب کے جنرل سیکرٹری چودھری ظہیرالدین کی اہلیہ کی فیصل آباد میں رسم قل میں شرکت کے بعد صحافیوں کے سوالات کے جواب دے رہے تھے۔ محمد بشارت راجہ، خرم منور منج، میاں منیر اور دیگر مسلم لیگی رہنما بھی چودھری پرویزالٰہی کے ہمراہ تھے۔ انہوں نے کہا کہ شہبازشریف کا اورنج لائن منصوبہ عام آدمی اور شہر کے تاریخی حسن کی بربادی کا پیکیج ہے۔ انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ ہم عوامی خدمت کیلئے اور ایشوز کی سیاست کرتے ہیں اس لیے ہم نے مہنگائی اور صوبے و صوبائی دارالحکومت کی بربادی کیخلاف احتجاج کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی آئی اے کی نجکاری کا یہ کوئی طریقہ نہیں کہ ملازمین کے خون سے ہولی کھیلی جائے، ہر مسئلہ کا حل مذاکرات سے نکل سکتا ہے، موجودہ حکمران جب سے آئے ہیں تب سے ملکی حالات زیادہ خراب ہو گئے ہیں۔ ایک اور سوال کے جواب میں چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ اورنج لائن منصوبہ دراصل ڈالر بناؤ منصوبہ ہے جس نے سارے شہر کو کھنڈر بنا دیا ہے، لوگوں کی پراپرٹی تباہ کر دی گئی ہے، لاہور کا ہر شہری پریشان حال ہے جس پر اپوزیشن احتجاج کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات میں کامیاب نمائندے اپنے اختیارات کے حصول سے لاعلم ہیں، میں نے پہلے ہی کہا تھا کہ منتخب نمائندوں کو اختیارات نہیں ملیں گے کیونکہ یہ نچلی سطح پر اختیارات کی تقسیم پر یقین نہیں رکھتے اور بلدیاتی انتخابات بھی مجبوراً سپریم کورٹ کے حکم پر کروائے ہیں۔ گرینڈ الائنس کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر انہوں نے کہا کہ حکومت خود ایسی حرکتیں کر رہی ہے کہ جلد اپوزیشن جماعتوں کا گرینڈ الائنس بن جائے۔ رسم قل میں سپیکر پنجاب اسمبلی رانا محمد اقبال سمیت دیگر جماعتوں کے رہنما بھی شریک تھے جبکہ پاکستان مسلم لیگ کے رانا زاہد ریاض، شیخ عمر حیات، ذوالفقار پپن، ناصر رمضان گجر اور بڑی تعداد میں کارکن بھی شامل تھے۔


