چودھری پرویزالٰہی کی زیر صدارت اجلاس میں پاکستان مسلم لیگ پنجاب کی تمام تنظیمیں تحلیل، ری آرگنائزنگ کیلئے تین کمیٹیوں کا قیام

لاہور(21فروری2016) پاکستان مسلم لیگ کے سینئرمرکزی رہنما و سابق نائب وزیراعظم چودھری پرویزالٰہی کی زیرصدارت پاکستان مسلم لیگ پنجاب کا تنظیمی اجلاس ان کی رہائش گاہ پر منعقد ہوا جس میں سینیٹر کامل علی آغا، طارق بشیر چیمہ ایم این اے، چودھری ظہیرالدین، محمد بشارت راجہ، احمد یار ہراج، ڈاکٹر عظیم الدین زاہد لکھوی، میاں منیر احمد، محمد خان لغاری، چودھری مقصود سلہریا نے شرکت کی۔ اجلاس میں باہمی مشاورت کے بعد پاکستان مسلم لیگ پنجاب کی تمام تنظیموں کو تحلیل کرنے کا فیصلہ کیا گیا اور تمام اضلاع میں تنظیم نو کیلئے تین آرگنائزنگ کمیٹیاں بھی قائم کر دی گئی ہیں جو تمام اضلاع کا دورہ کریں گی اور ضلعی اکابرین و رہنماؤں سے مشاورت کے بعد نئی تنظیم کیلئے عہدیداروں کا چناؤ کیا جائے گا۔ اپر پنجاب کی کمیٹی میں محمد بشارت راجہ، چودھری ظہیر الدین اور عامر سلطان چیمہ، جنوبی پنجاب میں احمد یار ہراج، طارق بشیر چیمہ ایم این اے، محمد خان لغاری، سنٹرل پنجاب کیلئے سینیٹر کامل علی آغا، میاں منیر احمد، ڈاکٹر عظیم الدین زاہد لکھوی، چودھری مقصود سلہریا، باؤ رضوان، تنویر اعظم چیمہ اور انجینئر شہزاد الٰہی شامل ہیں۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ آرگنائزنگ کمیٹی جماعت کو مسلم لیگ کے آئین کے مطابق فعال کردار ادا کرنے کو یقینی بنائے گی، ہر ضلع میں معاونت کیلئے آرگنائزر کا تقرر کیا جائے گا، تمام ونگز کے عہدیداروں کا چناؤ باہمی مشاورت کے بعد کیا جائے گا۔ اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا کہ عہدیداروں کے چناؤ کے بعد آرگنائزنگ کمیٹیوں کی سربراہی میں ورکرز کنونشن منعقد کیے جائیں گے، ہر پندرہ دن بعد کمیٹیاں اپنی کارکردگی صدر پاکستان مسلم لیگ پنجاب کو پیش کریں گی اور تنظیم نو کا عمل تین ماہ میں مکمل کر لیا جائے گا۔ اجلاس میں تمام ونگز جن میں وکلاء، کسان، لیبر، یوتھ، خواتین، ڈاکٹرز اور اقلیتی ونگ کو ہدایت کی گئی کہ آرگنائزنگ کمیٹیوں کے دورہ کے موقع پر ان سے بھرپور تعاون کریں۔

urdu-download

Photo CPE 01 {Feb21-16}

Share