خانیوال کے 50چیئرمین، کونسلرز احمد یار ہراج کی زیرقیادت پاکستان مسلم لیگ میں شامل، 3ماہ میں تبدیلی شروع ہو گی: چودھری شجاعت حسین/ پرویزالٰہی

لاہور(28فروری2016) ضلع خانیوال کے 50چیئرمین، وائس چیئرمین اور نومنتخب بلدیاتی نمائندوں نے سردار احمد یار ہراج کی زیرقیادت پاکستان مسلم لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین اور سینئرمرکزی رہنما و سابق نائب وزیراعظم چودھری پرویزالٰہی سے یہاں ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی اور پاکستان مسلم لیگ میں شمولیت کا اعلان کیا۔ اس موقع پر چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ ن لیگ اور پیپلزپارٹی میں مک مکا ہے، آئندہ تین، چار ماہ میں تبدیلی کا عمل شروع ہو جائے گا۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ کسانوں کو نام نہاد پیکیج سے کچھ نہیں ملا، دیہات کے فنڈز بھی جنگلہ بس اور ڈالر بناؤ نمائشی منصوبوں پر لگائے جا رہے ہیں، ہم نے اپنی حکومت میں سب کیلئے اتنا کچھ کیا لیکن ڈھول نہیں پیٹا یہ حکمران صرف ڈھول پیٹتے ہیں کرتے کچھ نہیں۔ طارق بشیر چیمہ ایم این اے اور جنوبی پنجاب میں پارٹی کی تنظیم نو کے کنوینر سردار احمد یار ہراج نے بھی خطاب کیا۔ چودھری شجاعت حسین نے مزید کہا کہ حکومت کے غبارے سے ہوا نکل چکی ہے اب صرف اشتہاروں کی حد تک کام چلایا جا رہا ہے، ہمارے دوست اور مخالفین سب مانتے ہیں کہ جو عزت و احترام ہماری جماعت میں ملتا ہے وہ کہیں اور نہیں۔ انہوں نے کہا کہ چودھری پرویزالٰہی کے دور میں کیے گئے کاموں کو آج عوام یاد کر رہے ہیں، پنجاب سمیت سندھ، بلوچستان اور خیبرپختونخواہ میں تنظیم سازی کا عمل شروع کر دیا گیا ہے، پرانے دوستوں کے مشورے سے نئے دوستوں کو پارٹی میں شامل کیا جا رہا ہے جلد پاکستان مسلم لیگ ایک نئے روپ میں سامنے آئے گی۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ پنجاب حکومت نے پنجاب کے عوام کو مقروض کر دیا ہے، ہم نے 1122، مفت ادویات، تعلیم، کسانوں کیلئے تاریخی مراعات سمیت سب کیلئے بلاامتیاز ہر شعبہ میں جتنے فلاحی اور ترقیاتی کام کیے اس کی مثال نہیں ملتی، ہم نے دیہی آبادی کی خوشحالی کیلئے لائیوسٹاک کے شعبہ میں بھی بہت زیادہ سہولتیں دیں لیکن یہ حکمران تو دودھ کو محفوظ رکھنے کیلئے دئیے گئے چلرز سمیت سارا سسٹم اپنی کمپنی انہار کیلئے اٹھا کر لے گئے، ان کے نام نہاد کسان پیکیج سے بھی 90فیصد کسانوں کو کچھ نہیں ملا، صرف اپنوں کو نوازا گیا۔ انہوں نے کہا کہ جنگلہ بس، اورنج لائن سے مقامی آبادی کے سوا پنجاب کے عوام کو کیا فائدہ ہے جبکہ پورے پنجاب کے فنڈز روک کر ان منصوبوں پر خرچ کیے جا رہے ہیں، سرکاری ہسپتالوں، 1122، تعلیم، صحت پر کوئی توجہ نہیں بلکہ ٹھیکے پر دینے کے اشتہار دے رہے ہیں جبکہ جنوبی پنجاب کیلئے ملتان میں ہمارے بنائے گئے کارڈیالوجی ہسپتال پر بھی کوئی توجہ نہیں دی جا رہی، ہمارے دور کا سرپلس صوبہ مقروض بن چکا ہے، اِنہوں نے پورا صوبائی سسٹم کھوکھلا کر دیا ہے۔ اس موقع پر طارق بشیر چیمہ اور احمد یار ہراج نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکمرانوں نے کمیشن کی خاطر ہمارے بچوں کو اربوں ڈالر کا مقروض کر دیا ہے، جنوبی پنجاب میں حکمران اپنی 2شوگر ملوں کیلئے کسانو ں کو کپاس اور دیگر فصلوں کی بجائے گنے کی کاشت پر مائل کر رہے ہیں، ن لیگ کی حکومت جب بھی آتی ہے کسان بھوکا مرتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ جنوبی پنجاب میں پارٹی کی تنظیم نو کا عمل تیز کر دیا گیا ہے، خانیوال سمیت جنوبی پنجاب کے لوگ آج بھی چودھری پرویزالٰہی کے مشکور ہیں جنہوں نے ان کے پسماندہ علاقہ کی ترقی کیلئے بے مثال اقدامات کیے تھے۔

Photo CSH 01 {Feb28-16}

urdu-download

Share