شہبازشریف زندگی میں کبھی تو سچ بول لیا کریں: چودھری پرویزالٰہی
March 5, 2016
Featured, News, Urdu News
412 Views
لاہور(05مارچ2016) پاکستان مسلم لیگ کے سینئرمرکزی رہنما و سابق نائب وزیراعظم چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ پنجاب میں لینڈ ریکارڈ کمپیوٹرائزیشن کے منصوبے کا آغاز میری حکومت نے 2006ء میں کر دیا تھا، یہ میرے ’’فرسٹ ٹائم اِن پاکستان‘‘ کے عوامی فلاحی منصوبوں میں شامل تھا جس کیلئے صوبائی اسمبلی میں باقاعدہ قانون سازی کی گئی اور رحیم یار خان اور قصور میں عملی طور پر کام شروع کر دیا گیا تھا جس کے بعد گجرات میں بھی اس پر کام شروع ہو گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ شہبازشریف نے تو یہ منصوبہ روک رکھا تھا وہ اور ان کے وزراء جھوٹ بولنا چھوڑ دیں اور کسی معاملہ میں کبھی تو سچ بول لیا کریں۔ انہوں نے کہا کہ میری حکومت کی طرف سے پٹواری کلچر کے خاتمہ اور ہر شہری کو گھر بیٹھے اپنی املاک کے کمپیوٹرائزڈ ریکارڈ کی فراہمی کے اس منصوبہ کیلئے رقم فراہم کی گئی، ورلڈ بینک کے ساتھ معاہدہ کیا گیا جس کے تحت بینک نے 28 مارچ 2007ء کو 5ارب روپے کی امداد منظور کی تھی لیکن جب شہبازشریف نے حکومت سنبھالی تو انہوں نے اس منصوبے کو بھی عوامی فلاح کے میرے دیگر منصوبوں کی طرح کولڈ سٹوریج میں بند کر دیا اور 4 سال بعد اس پر دوبارہ کام شروع کر دیا کہ لوگ بھول چکے ہوں گے کہ یہ چودھری پرویزالٰہی نے شروع کیا تھا۔#
