شہبازشریف کی جلدبازیاں ملک کو لے ڈوبیں: چودھری شجاعت حسین، پرویزالٰہی
March 6, 2016
Featured, News, Urdu News
422 Views
لاہور(06مارچ2016) پاکستان مسلم لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین اور سینئرمرکزی رہنما و سابق نائب وزیراعظم چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف کی جلد بازیاں ملک کو لے ڈوبی ہیں، پنجاب اسمبلی میں خواتین کے تحفظ کا بل منظور کروانے سے پہلے تمام مکاتب فکر کے علماء کو اعتماد میں لینا چاہئے تھا۔ وہ یہاں اپنی رہائش گاہ پر لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کے نومنتخب سیکرٹری انس غازی اور ان کے والد جسٹس (ر) نذیر احمد غازی سے گفتگو کر رہے تھے۔ ملاقات میں مونس الٰہی اور نادر دوگل ایڈووکیٹ بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ وکلاء برادری شہریوں کو فوری اور سستا انصاف فراہم کرنے میں اپنا مثبت اور بھرپور کردار ادا کرے کیونکہ اس سلسلہ میں وکلاء مرکزی کردار کے حامل ہیں اسی لیے ہم نے اپنے دور میں پہلی بار پراسکیوشن سروس قائم کی، پبلک ڈیفنڈر سروس کیلئے باقاعدہ قانون سازی کی اور پہلی بار کنزیومر کورٹس کا قیام عمل میں لایا گیا جن سے ہزاروں صارفین آج تک مستفید ہو رہے ہیں جبکہ ہمارے دور میں وکلاء کیلئے مفت علاج کی سہولت مہیا کی گئی، لاہور ہائیکورٹ بار کا ہال اور ایڈووکیٹ جنرل کا آفس تعمیر کیے گئے، وکلاء کیلئے ہاؤسنگ کالونیاں بنائی گئیں۔
انس غازی نے مسلم لیگی قائدین کی جانب سے الیکشن میں حمایت پر اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ عوام پاکستان مسلم لیگ کے دور میں عدالتوں میں ہونیوالے ریلیف کے کاموں کو اب تک یاد کر رہے ہیں۔ انہوں نے چودھری پرویزالٰہی کے دور کو فوری و سستے انصاف کی فراہمی کے مؤثر اور نتیجہ خیز اقدامات کیلئے بہترین قرار دیا اور کہا کہ انصاف کی فراہمی، عدلیہ کی بالادستی اور عدالتی ڈھانچہ کے استحکام کیلئے ان کے قائم کردہ ادارے موجودہ حکومت کے انتقامی رویہ کی بھینٹ چڑھ گئے اور یہ ادارے جن سے ہر کسی کو فائدہ پہنچ رہا تھا اب تنزلی کا شکار ہیں جس کی سزا عوام بھگت رہے ہیں۔

