حقوق خواتین کیلئے جامع، سنجیدہ اور مثبت کام ہونا چاہئے: چودھری شجاعت حسین
March 8, 2016
Featured, News, Urdu News
566 Views
لاہور/اسلام آباد (08مارچ2016) پاکستان مسلم لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ اسلام خواتین کے حقوق کے تحفظ کا مذہب ہے اور اس میں خواتین کو جو عزت بخشی گئی ہے وہ کسی اور مذہب میں نہیں ہے، ہماری پارٹی پاکستان مسلم لیگ خواتین کے حقوق کے تحفظ کیلئے سرگرم عمل ہے۔ انہوں نے خواتین کے عالمی دن کے حوالے سے اپنے پیغام میں کہا کہ خواتین جو آج حقوق کا تقاضا کر رہی ہیں ان کو چاہئے کہ اپنے بچوں کی اخلاقی تربیت اور اصلاح کی ذمہ داری کا بھی احساس کریں، اپر کلاس کے بچوں میں سکول کے بعد ڈرگز کے استعمال میں مبتلا ہونے اور انٹرنیٹ پر فحش مواد دیکھنے کی خبریں نہایت افسوسناک ہیں، خواتین پر بچوں کی تربیت کی ذمہ داری عائد ہوتی ہے اگر مائیں اپنے بچوں کو اچھی تعلیم و تربیت دیں گی تو پاکستان کا مستقبل بہتر اور روشن ہو گا۔ چودھری شجاعت حسین نے پنجاب میں خواتین کے حقوق کے تحفظ کے نام پر مردوں کو سزا کے طور پر کڑا پہنانے کو غیرسنجیدہ عمل اور سستی شہرت کا حصول قرار دیا اور کہا کہ عورتوں کے حقوق کے تحفظ کیلئے کوئی جامع، سنجیدہ اور مثبت کام ہونا چاہئے۔
