کل پاکستان مسلم لیگ کا ہے، چاروں صوبوں میں تنظیم نو ہو گی: چودھری شجاعت حسین
March 15, 2016
Featured, News, Urdu News
664 Views
لاہور/اسلام آباد (15مارچ2016) پاکستان مسلم لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ پارٹی کو چاروں صوبوں میں فعال اور متحرک بنایا جائے گا، پنجاب کے بعد دیگر صوبوں میں تنظیم نو کا عمل شروع ہو گا، کارکن اپنی صفوں میں اتحاد برقرار رکھیں آنے والا کل مسلم لیگ کا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنی رہائش گاہ پر پاکستان مسلم لیگ سندھ، بلوچستان اور خیبرپختونخواہ کے وفود سے ملاقات میں کیا۔ ملاقات میں مرکزی سیکرٹری جنرل سینیٹر مشاہد حسین سید، نائب صدر چودھری امتیاز احمد رانجھا، شعبہ خواتین کی صدر مسز فرخ خان، خیبرپختونخواہ کے صدر انتخاب خان چمکنی، زبیر خان، مسلم لیگ سندھ کے جنرل سیکرٹری طارق حسن، بلوچستان کے رہنما ایس آر ناصر سمیت دیگر رہنما اور کارکن موجود تھے۔ چودھری شجاعت حسین اور مشاہد حسین سید نے مئی میں پشاور اور کرچی میں جانے اور ورکرز کنونشن کا عندیہ دیا۔ چودھری شجاعت حسین نے مزید کہا کہ خیبرپختونخواہ پاکستان کی شہ رگ کی حیثیت اختیار کر چکا ہے مگر بدقسمتی سے پچھلی دہائی سے دہشت گردی کی وجہ سے یہ صوبہ مسلسل حالت جنگ میں ہے ہمارا عزم ہے کہ جب ہماری حکومت قائم ہو گی تو صوبے کے عوام کو پہلے کی طرح تمام بنیادی سہولتیں فراہم کی جائیں گی، 1947ء سے یہ صوبہ مسلم لیگ کا گڑھ ہے اور اس صوبے کی محرومیاں ختم ہونی چاہئیں، خیبرپختونخواہ کے عوام محب وطن اور پاکستانی ہیں اور یہاں کے عوام نے اپنے ملک کیلئے ہمیشہ لازوال قربانیاں دی ہیں۔ ملاقات میں بلوچستان کے عوام کو درپیش مسائل پر گفتگو کی گئی اور مئی میں ہونیوالے ورکرز کنونشن کے حوالے سے خصوصی گفتگو ہوئی۔ اس موقع پر زندگی کے تمام شعبوں کے لوگوں سے ملاقاتیں بھی کی جائیں گی۔ چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ حکومت کو بلوچستان کے زمینداروں کیلئے الگ سے سپیشل لوڈشیڈنگ شیڈول جاری کرنا چاہئے تاکہ ان کے مسائل کم ہوں۔ انہوں نے کہا کہ سولرپاور پینل کی منصفانہ تقسیم یقینی ہونی چاہئے۔

