نوازپیکیج بہت کم تھا وہ بھی کسانوں تک پہنچنے سے پہلے پٹواریوں کی نذر ہو گیا: چودھری پرویزالٰہی

لاہور/اوکاڑہ(17مارچ2016) پاکستان مسلم لیگ کے سینئرمرکزی رہنما و سابق نائب وزیراعظم چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ کسانوں کیلئے نوازشریف نے جس پیکیج کا اعلان کیا تھا وہ بہت کم تھا اور وہ بھی کسانوں تک پہنچنے سے پہلے ہی پٹواریوں کی نذر ہو گیا، کسانوں کا نقصان پورا نہیں ہوا اور اگر کسی کو اتنی دیر بعد کچھ ملا بھی تو وہ نہ ہونے کے برابر۔ چودھری پرویزالٰہی اوکاڑہ میں سردار شیرافگن کی رہائش گاہ پر پارٹی رہنماؤں سے گفتگو کے بعد میڈیا کے سوالات کے جواب دے رہے تھے۔ اس موقع پر سردار شیرافگن کے صاحبزادے پنجاب اسمبلی کے سابق امیدوار سردار شہریار بھی موجود تھے۔ کسانوں کو درپیش مشکلات و مسائل کے بارے میں سوال پر انہوں نے کہا کہ موجودہ حکمرانوں کی کسانوں سے ہمدردی صرف نعروں اور پراپیگنڈہ کی حد تک ہے ان کے دور میں ہمیشہ کسانوں کے مسائل، پریشانیوں اور مالی مشکلات میں اضافہ ہوا ہے جبکہ ہم نے اپنے 5 سالہ دور حکومت میں کسانوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے، انہیں بہت زیادہ مراعات اور سہولتیں دیں جبکہ محنت کشوں اور غریبوں سمیت عوام کیلئے جو کیا وہ ایک مثال اور ریکارڈ ہے۔ ایک صحافی کی جانب سے ہسپتالوں اور سکولوں کی حالت زار کے بارے میں توجہ دلانے پر چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ یہ اضلاع کے ترقیاتی فنڈز کے علاوہ صحت اور تعلیم کے شعبوں کے خصوصی فنڈز بھی اورنج لائن جیسے نمائشی منصوبہ پر خرچ کر رہے ہیں اسی لیے ہسپتالوں میں دوائی نہیں مل رہی اور سرکاری تعلیمی اداروں میں لازمی سہولتیں بھی میسر نہیں۔ امن و امان کی خراب صورتحال سے متعلق سوال پر انہوں نے کہا کہ ن لیگ کے دور میں نوکریوں کی بجائے ڈکیتیاں مل رہی ہیں اور خودکشیاں دن بدن بڑھ رہی ہیں، ڈاکوؤں، رہزنوں اور چوروں کو کھلی چھٹی ہے، ہمارے دور کی نسبت جرائم میں کئی گنا اضافہ ہو چکا ہے۔

urdu-download

Share