پاکستان ہے تو سب کچھ ہے، تحریک پاکستان والا جذبہ پیدا کریں: چودھری شجاعت حسین، پرویزالٰہی،مونس الٰہی

 

لاہور(22مارچ2016) پاکستان مسلم لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین، سینئرمرکزی رہنما و سابق نائب وزیراعظم چودھری پرویزالٰہی اور مونس الٰہی نے کہا ہے کہ پاکستان ہے تو سب کچھ ہے، پاکستان کو خارجی و داخلی خطرات اور چیلنجز سے مؤثر طور پر نمٹنے کیلئے تحریک پاکستان والے جذبہ کی اشد ضرورت اور بانی پاکستان کے فرمان اتحاد، تنظیم اور ایمان پر عمل کرنا وقت کا تقاضا ہے۔ انہوں نے یوم پاکستان پر قوم کے نام اپنے پیغامات میں کہا کہ قیام پاکستان کے مقاصد کی تکمیل کیلئے قومی یکجہتی اور ملکی سلامتی کو اولیت دیتے ہوئے غربت، پسماندگی، بیروزگاری اور جہالت کو ختم کر کے پاکستان کو اقتصادی، دفاعی اور نظریاتی لحاظ سے ایک مضبوط اور ناقابل تسخیر ملک بنانے کیلئے سب کو مل کر جدوجہد کرنا ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ آج کے دن اسی لاہور میں برصغیر کے مسلمانوں نے قائداعظم محمد علی جناحؒ کی قیادت میں اپنے لیے الگ وطن حاصل کرنے کا عہد کیا اور صرف سات سال میں دنیا کے نقشہ میں اسلامی جمہوریہ پاکستان شامل کر دیا کیونکہ ہمارے بزرگوں نے اپنے تمام اختلافات پس پشت ڈال کر قومی جذبہ سے قیام پاکستان کیلئے مشترکہ طور پر جدوجہد کی جو کامیاب رہی۔ انہوں نے کہا کہ آج ہر ایک کے پاس قومی شناخت اور وقار سمیت جو کچھ بھی ہے وہ پاکستان کا ہی مرہون منت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان مسلم لیگ کا قائداعظمؒ کی وارث جماعت کی حیثیت سے یہ فرض ہے کہ وہ پاکستان کو ترقی یافتہ اور خوشحال ملک بنانے کیلئے ہراول دستہ کا کردار ادا کرے اور سب نے دیکھا کہ ہم نے اپنے مختصر دور حکومت میں اس کیلئے تاریخی اور مثالی اقدامات کیے۔ انہوں نے کہا کہ ہر کوئی قومی و ملکی مفاد کو اپنے ذاتی، سیاسی اور جماعتی مفادات پر مقدم رکھے اور مادر وطن کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہ کرے۔ انہوں نے اس سلسلہ میں مسلح افواج کی قربانیوں کا شاندار الفاظ میں ذکر کرتے ہوئے کہا کہ مادر وطن نوجوان نسل سے مؤثر اور مثالی کردار کامتقاضی ہے۔

urdu-download

Share