پاک کوریا تعلقات دن بدن بڑھ رہے ہیں، براہ راست پروازوں سے فاصلے کم ہو گئے: چودھری شجاعت حسین
May 13, 2016
Featured, News, Pictures, Urdu News
501 Views
اسلام آباد/لاہور(13مئی2016) پاکستان مسلم لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ پاک کوریا تعلقات میں اضافہ ہو رہا ہے اس سلسلہ میں سبکدوش ہونیوالے کوریا کے سفیر
Dr. Song Jong-Hawn کی کوششوں کی تعریف کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میرے قابل قدر دوست کا تاریخی اقدام سیول سے پاکستان کیلئے براہ راست پروازوں کا آغاز ہے جس سے دونوں ملک یقینی طور پر مزید قریب آئیں گے۔ وہ اپنی رہائش گاہ پر Dr. Song Jong-Hawnکے اعزاز میں عشائیہ سے خطاب کر رہے تھے۔ عشائیہ میں چودھری وجاہت حسین، سینیٹر مشاہد حسین سید، طارق بشیر چیمہ ایم این اے، فرانس، جرمنی، بھارت، سپین، ایران، فلسطین، آسٹریلیا اور دیگر ممالک کے سفارتکاروں کے علاوہ امتیاز رانجھا اور دیگر رہنماء بھی شریک تھے۔ چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ 1982ء میں جب میں کوریا کا قونصل جنرل مقرر ہوا تو میں نے دونوں ملکوں کے تعلقات میں اضافہ پر بھرپور توجہ دی۔ انہوں نے کہا کہ مجھے یاد ہے کہ اس وقت کوریا کی صرف ایک کمپنی تھی جس نے کراچی پاکستان میں پکچر ٹیوب پراجیکٹ کے قیام میں دلچسپی ظاہر کی جبکہ اب پاکستان میں کوریا کی ہزاروں کمپنیاں کام کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان مختلف شعبوں میں باہمی تعلقات کو فروغ دینے کیلئے نمایاں کوششوں پر 1993ء میں کوریا کی جانب سے مجھے اعلیٰ ترین سفارتی اعزاز سے نوازا گیا جو میرے لیے ایک بڑا اعزاز ہے اور اس کیلئے میں کوریا کا شکرگزار ہوں۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر سانگ نے پاکستان میں اپنے مختصر قیام کے دوران اپنی شاندار خدمات کے باعث پاکستانی عوام کے دل میں گہرے نقوش چھوڑے۔ انہوں نے کہا کہ وہ نہ صرف ایک تجربہ کار سفارتکار ہیں بلکہ انہوں نے اپنی تحریروں کے ذریعے دونوں ملکوں کے تعلقات میں اضافہ کیلئے بھی کوششیں کیں جس پر پاکستانی میڈیا نے انہیں ممتاز سفارتکار کے خطاب سے نوازا۔ انہوں نے کہا کہ میں اور میرے ساتھی Miracle of Indus کے عنوان سے آرٹیکل سے بہت متاثر ہوئے جس میں انہوں نے کوریا کا پاکستان سے موازنہ کرتے ہوئے اس یقین کا اظہار کیا کہ پاکستان کا مستقبل روشن ہے۔ انہوں نے مہمانوں سے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ آج ڈاکٹر سانگ کو رخصت کرتے ہوئے ہمارے دل بوجھل ہیں۔

