چودھری پرویزالٰہی نے غریبوں کے بند سکول چلائے، یہ چلتے سکول بند کر رہے ہیں: پاکستان مسلم لیگ
May 15, 2016
Featured, News, Pictures, Urdu News
633 Views
شہبازشریف اساتذہ کو ذہنی اذیت نہ دیں پالیسیاں درست کریں: میاں منیر و آمنہ الفت کی قیادت میں وفد کا دھرنا میں اظہار یکجہتی
لاہور(15مئی2016) پاکستان مسلم لیگ نے احتجاج کرنیوالے اساتذہ کی مکمل حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہبازشریف کی ناقص تعلیمی پالیسیوں کے باعث نہ صرف اساتذہ بلکہ غریب طلبہ بھی ذہنی اذیت کا شکار ہیں، یہ چلتے سکول بند کر رہے ہیں جبکہ چودھری پرویزالٰہی نے پنجاب میں اپنی حکومت کے دوران بند سرکاری سکول چالو کیے، نئے سکول کھولے اور تعلیمی اداروں کو اپ گریڈ کیا، طلبہ اور اساتذہ کو زیادہ سے زیادہ سہولتیں اور مراعات دیں۔ ان خیالات کا اظہار آرگنائزر پاکستان مسلم لیگ لاہور و سابق ایم این اے میاں محمد منیر اور شعبہ خواتین لاہور کی آرگنائزر سابق ایم پی اے آمنہ الفت کی قیادت میں پاکستان مسلم لیگ کے مختلف شعبوں کے رہنماؤں پر مشتمل وفد نے دھرنا دینے والے احتجاجی خواتین و مرد اساتذہ کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کیا۔ میاں منیر اور آمنہ الفت نے کہا کہ غریبوں کے سکولوں کی بندربانٹ اور ٹھیکے پر دینے کے سسٹم کیخلاف اساتذہ کا احتجاج بالکل جائز ہے، حکمرانوں کو اپنی ناقص پالیسیوں پر رجوع کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ شہبازشریف ہزاروں سکول بند کر چکے ہیں انہیں بچوں کے سکول چھیننے کے بجائے وہاں زیادہ سے زیادہ بہتر سہولتیں فراہم کرنے کے علاوہ نئے سکول کھولنے چاہئیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ شدید گرمی اور سخت موسم میں ہماری ماؤں، بہنوں، بچوں سمیت نہایت قابل احترام اساتذہ کو احتجاج پر مجبور کرنا افسوسناک، حکومتی بے حسی اور ہٹ دھرمی کا نتیجہ ہے، شہبازشریف حکومت کو چاہئے کہ وہ اساتذہ کو نشانہ بنانے کی بجائے اپنی نااہلی پر توجہ دے اور بہتر تعلیم کیلئے بہتر پالیسیاں بنائے۔

