حکمرانوں کو عوام کی پرواہ نہیں، تمام توجہ اگلے الیکشن میں دھاندلی پر ہے: چودھری پرویزالٰہی

خورشید شاہ کو خدشات بتا دئیے، الیکشن کمیشن کے ارکان کے ناموں پر باقاعدہ بحث اور تمام پارلیمانی جماعتوں کا اتفاق رائے ضروری ہے

حکومت کہاں ہے گنہگاروں کو سزا، بیگناہوں کو امان دے، مجلس وحدت المسلمین کے بھوک ہڑتالی کیمپ میں گفتگو، راجہ ناصر عباس کا اظہار تشکر

اسلام آباد/ لاہور(21جون2016) پاکستان مسلم لیگ کے سینئرمرکزی رہنما و سابق نائب وزیراعظم چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ حکومت کی عوامی مسائل و مشکلات، مجلس وحدت المسلمین کے 40 روز سے جاری بھوک ہڑتال یا کسی بھی شعبے کے پرامن احتجاج پر کوئی توجہ ہے نہ پرواہ، اس نے اپنی تمام تر توجہ آئندہ عام انتخابات میں دھاندلی کیلئے مرکوز کر رکھی ہے۔ وہ مجلس وحدت المسلمین کے بھوک ہڑتالی کیمپ میں طارق بشیر چیمہ ایم این اے، محمد بشارت راجہ اور دیگر رہنماؤں کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ یہ لوگ 40دن سے انصاف کے حصول کیلئے وفاقی دارالحکومت میں احتجاج کر رہے ہیں لیکن حکومت کہاں ہے، کسی کے ساتھ ظلم یا زیادتی نہیں ہونی چاہئے، گنہگاروں کو سزا ملنی چاہئے اور بے گناہوں کو امان، ان کیخلاف کوئی کارروائی نہیں ہونی چاہئے۔مجلس وحدت المسلمین کے سیکرٹری جنرل راجہ ناصر عباس نے مظلومین سے اظہار یکجہتی پر چودھری پرویزالٰہی اور پاکستان مسلم لیگ سے دلی طور پر اظہار تشکر کیا اور حکومتی بے حسی کی سخت الفاظ میں مذمت کی۔ چودھری پرویزالٰہی نے گذشتہ روز اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ سے اپنی ملاقات کے بارے میں سوال پر کہا کہ ہم نے انہیں حکومت کی جانب سے انتخابات میں ایک بار پھر دھاندلی کیلئے الیکشن کمیشن میں اپنے پسندیدہ ارکان کے تقرر کے بارے میں تمام خدشات سے آگاہ کیا اور کہا کہ 2013ء والی غلطی نہ دہرائی جائے، الیکشن کمیشن کے ارکان کے ناموں پر باقاعدہ بحث اور ان کے انتخاب میں تمام پارلیمانی جماعتوں کا اتفاق رائے ضروری ہے اور اس کیلئے اپوزیشن لیڈر کو چاہئے کہ وہ تمام جماعتوں کو پارلیمانی کمیٹی میں نمائندگی دیں، موجودہ طریقہ کار جاری رہا تو اگلا الیکشن بھی دھاندلی زدہ ہو گا اور 2013ء کی طرح ہمارے خدشات درست ثابت ہوں گے۔ چودھری پرویزالٰہی نے ایک اور سوال پر کہا کہ ایسے کمیشن کے زیرانتظام الیکشن کے نتائج کیسے قبول کر سکتے ہیں جن کے ارکان پر کسی سیاسی جماعت کی چھاپ یا ان کی امانت، دیانت اور غیرجانبداری پر سوالیہ نشان ہو۔ چودھری پرویزالٰہی نے طارق بشیر چیمہ اور محمد بشارت راجہ کے ہمراہ پاکستان تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی غلام سرور خاں کی رہائش گاہ پر ان کے بھائی صدیق خاں ایم پی اے کی وفات پر اظہار تعزیت اور فاتحہ خوانی کی۔ انہوں نے غمزدہ خاندان سے دلی ہمدردی کا اظہار بھی کیا۔

Photo CPE 01 {June21-16}

urdu-download

 

Share