محمود اچکزئی نے آئین اور حلف توڑا، آرٹیکل 6کے تحت کارروائی کی جائے: چودھری پرویزالٰہی
July 3, 2016
Featured, News, Pictures, Urdu News
525 Views
پاکستان نے روسی قبضہ سے افغانستان خالی کرانے میں سب سے بڑا رول ادا کیا، 30لاکھ مہاجرین کی 37سال تک میزبانی کی
پاک افغان بارڈر کو پوری دنیا مانتی ہے، ان کا بیان پاکستانی فوجیوں اور عوام کے خون سے غداری ہے، نوازشریف کی خاموشی معنی خیز ہے
غریب پنشنر یہاں بینکوں کے باہر دھکے کھا رہے ہیں اور حکمران خاندان لندن کے مہنگے سٹوروں میں شاپنگ کر رہا ہے: پریس کانفرنس
لاہور(03جولائی2016) پاکستان مسلم لیگ کے سینئرمرکزی رہنما و سابق نائب وزیراعظم چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ نوازشریف کے اتحادی محمود خان اچکزئی نے پاکستان کی سلامتی اور یکجہتی کے خلاف بات کر کے آئین اور قومی اسمبلی میں اپنے حلف کی خلاف ورزی کی ہے اس لیے ان کے خلاف آرٹیکل 6 کے تحت کارروائی ضروری ہے چونکہ یہ پاکستان کے تحفظ اور سلامتی کا معاملہ ہے اس لیے اپوزیشن سمیت تمام محب وطن جماعتوں اور افراد کو اس بات پر ایکشن لینا چاہئے۔ یہاں اپنی رہائش گاہ پر میاں محمد منیر اور ڈاکٹر عظیم الدین لکھوی کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے ضیاء الحق دور میں روسی قبضہ سے افغانستان کو خالی کرانے میں سب سے بڑا رول ادا کیا، 30لاکھ افغان مہاجرین کی 37سال تک بھائیوں کی طرح میزبانی کی، محمود اچکزئی کا بیان افغانستان کی آزادی کیلئے جان دینے والے پاکستانی فوجیوں اور عوام کے خون سے غداری ہے۔ انہوں نے قائداعظم کی قیام گاہ زیارت ریذیڈنسی پر حملہ کی مذمت نہ کر کے اور پٹھان کوٹ حملہ پر پاک فوج اور پاکستان پر تنقید کر کے بھی پاکستان دشمنی کا مظاہرہ کیا تھا جبکہ محمود اچکزئی، ان کا خاندان اور ہم سب پاکستانی آج جو کچھ بھی ہیں پاکستان کی وجہ سے ہیں یہی ان کی اور ہماری شناخت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاک افغان انٹرنیشنل بارڈر کو پوری دنیا مانتی ہے اور سپریم کورٹ کا فیصلہ بھی موجود ہے، یو این او نے بھی ڈیورنڈ لائن کے انٹرنیشنل بارڈر ہونے کے باعث ہی روسی قبضہ کے بعد پاکستان آنے والے افغانوں کو مہاجرین قرار دیا، بارڈر پر نیٹو کے کنٹینروں کی چیکنگ ہوتی ہے۔ چودھری پرویزالٰہی نے محمود خان اچکزئی کی بطور ایم این اے اور ان کے بھائی محمد خان اچکزئی گورنر بلوچستان کے حلف ناموں کی کاپی دکھاتے ہوئے کہا کہ اس میں واضح لکھا ہے کہ میں پاکستان کے ساتھ وفادار رہوں گا اور ہمیشہ پاکستان کی سالمیت، یکجہتی اور خوشحالی کیلئے کام کرتا رہوں گا لیکن محمود اچکزئی کا یہ کہنا کہ خیبر پختونخواہ افغانوں کا ہے پاکستان کو توڑنے کی بات ہے حالانکہ ان کے دو بھائی مجید خان اچکزئی اور حمید خان اچکزئی ایم پی اے ہیں، ایک سالا صاحب سپوزمئی اچکزئی ایم این اے اور دوسرے حسن منظور ڈی آئی جی موٹروے ہیں، محمود خان اچکزئی دہلی اور کابل کی زبان بولتے ہیں، وہ جس تھالی میں کھاتے اسی میں چھید کر رہے ہیں۔ چودھری پرویزالٰہی نے محمود خان اچکزئی کے اتحادی نوازشریف اور ان کی پارٹی کی خاموشی کو معنی خیز قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کا یہ بیان نوازشریف حکومت کے مائنڈ سیٹ کی عکاسی کرتا ہے جب نوازشریف پٹھان کوٹ حملہ کی ایف آئی آر گوجرانوالہ میں درج کروائیں گے تو پھر ان کے اتحادی کو خیبر پختونخواہ افغانوں ہی کا نظر آئے گا۔ انہوں نے کہا کہ ڈیورنڈ لائن 1893ء سے انٹرنیشنل بارڈر ہے، پوری دنیا نے کبھی اس کو متنازع قرار نہیں دیا، پاک افغان معاہدے بھی اس کی توثیق کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ محمود اچکزئی یہ کیوں بھول رہے ہیں کہ اللہ کے بعد پاکستان کی مدد سے افغانستان بچا ہے ورنہ اس پر تو روس کا قبضہ ہو چکا تھا۔ انہوں نے کہا کہ غریب پنشنر عید سے پہلے پاکستان میں بینکوں کے باہر دھکے کھا رہے ہیں جبکہ وزیراعظم نوازشریف اور ان کا خاندان لندن کے مہنگے ترین سٹوروں میں شاپنگ کر رہا ہے۔ چودھری پرویزالٰہی نے گفتگو کا آغاز چترال میں سیلاب کی تباہ کاریوں کی وجہ سے جانی و مالی نقصان پر رنج و غم اور متاثرین سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کیا۔

