حرمین شریفین کے تحفظ کیلئے ہر پاکستانی کی جان حاضر ہے: چودھری شجاعت حسین اور پرویزالٰہی کی سعودی سفیر سے گفتگو
July 5, 2016
Featured, News, Urdu News
488 Views
اسلام دشمنوں نے اس جگہ کا تقدس پامال کرنے کی کوشش کی جہاں خاتم الانبیاﷺ، حضرت ابو بکر صدیق، حضرت عمرفاروق، حضرت عثمان غنی، صحابہ کرام، اہل بیت اور امہات المومنین رضوان اللہ علیہم اجمعین آرام فرما ہیں
کوئی مسلمان ایسی ناپاک حرکت کا سوچ بھی نہیں سکتا امت مسلمہ متحد ہو جائے، ہم خادم الحرمین شاہ سلمان اور سعودی عوام کے ساتھ ہیں
لاہور(05جولائی2016) پاکستان مسلم لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین اور سینئرمرکزی رہنما و سابق نائب وزیراعظم چودھری پرویزالٰہی نے پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر عبد اللہ زہرانی سے ٹیلیفون پر گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ سعودی عرب میں دھماکے پوری امت مسلمہ کیلئے رنج و غم کا باعث ہیں، حرمین شریفین کے تقدس کی حفاظت کیلئے ہر پاکستانی اپنی جان کا نذرانہ پیش کرنے کو تیار ہے۔ انہوں نے خادم الحرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز، سعودی حکومت اور عوام کے ساتھ مکمل اتحاد اور یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے عوام ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔ مسلم لیگی قائدین نے کہا کہ اسلام دشمنوں نے اس جگہ کا تقدس پامال کرنے کی کوشش کی ہے جہاں سرورکونین خاتم الانبیاء صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم، حضرت ابوبکرصدیق، حضرت عمرفاروق، حضرت عثمان غنی، اہل بیت اطہار، صحابہ کرام اور امہات المومنین رضوان اللہ علیہم اجمعین جیسی ہستیاں آرام فرما ہیں کوئی کلمہ گو ایسی ناپاک حرکت کے بارے میں سوچ بھی نہیں سکتا۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کا بچہ بچہ سعودی حکومت اور عوام کے ساتھ کھڑا ہے، امت مسلمہ کی جانب سے اتحاد و یکجہتی کا مظاہرہ اور دشمنان اسلام کا ہر وار ناکام بنانے کیلئے متحدہ و مشترکہ اقدامات وقت کا تقاضا ہیں، ہمارے دل اور دعائیں متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ہیں اور ان کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔
