مونس الٰہی کا عزیزبھٹی ہسپتال کیلئے لیپروسکوپی مشین کا عطیہ، عوامی خدمت کرتے رہیں گے: چودھری پرویزالٰہی
July 19, 2016
Featured, News, Pictures, Urdu News
536 Views
مشین کافی عرصہ سے خراب تھی، موجودہ حکمرانوں کی ترجیحات عام آدمی کی بہتری نہیں نمود و نمائش اور ڈرامہ ہے: سابق وزیراعلیٰ پنجاب
لاہور(19جولائی2016) پاکستان مسلم لیگ کے پنجاب اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر چودھری مونس الٰہی نے لیپروسکوپی مشین عزیز بھٹی ہسپتال گجرات کو عطیہ کر دی۔ یاد رہے کہ ہسپتال کی لیپروسکوپی مشین کافی عرصہ سے ناکارہ تھی جس کے باعث مریضوں کو بہت مشکلات کا سامنا تھا لیکن حکومت کی جانب سے فنڈز فراہم نہیں کیے جا رہے تھے اس پر چودھری مونس الٰہی نے مشین خریدنے کیلئے 9 لاکھ روپے کا عطیہ دیا، یہ چیک پاکستان مسلم لیگ کے سینئرمرکزی رہنما و سابق نائب وزیراعظم چودھری پرویزالٰہی نے گذشتہ روز مشین سپلائی کرنے والی کمپنی کے حوالے کیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عزیز بھٹی ہسپتال میں مریضوں کی سہولت کیلئے ہم پہلے بھی ظہورالٰہی بلاک بنوا چکے ہیں اور آئندہ بھی جب ضرورت پڑی ہم تعاون کیلئے تیار ہیں۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ خراب مشینوں کی درستگی اور تبدیلی حکومت کا کام ہے لیکن موجودہ پنجاب حکومت کی ترجیحات عام آدمی کی بہتری نہیں بلکہ نمود و نمائش اور ڈرامہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ گجرات ہمارا گھر ہے اس لیے جتنا ہمیں اہل گجرات کا احساس ہے کسی اور کو نہیں ہو سکتا۔ اس موقع پر سابق صوبائی وزیر میاں عمران مسعود، ڈاکٹر زاہد مقصود صدر پی ایم اے گجرات، ڈاکٹر سعود افضل صدر ینگ ڈاکٹر ایسوسی ایشن، سرجن ڈاکٹر خاور، سرجن ڈاکٹر عابد نذیر، چودھری سلیم اختر نائب صدر انجمن بہبودی مریضاں، حاجی محمد ریاض، سید وسیم شوکت، میاں افضل خالد، خادم علی خادم اور دیگر شخصیات بھی موجود تھیں۔

