شہداء ماڈل ٹاؤن کے قاتلوں اور ذمہ داروں کو کئے کا حساب دینا پڑے گا: پاکستان مسلم لیگ

کامل آغا، طارق چیمہ، چودھری ظہیرالدین اور بشارت راجہ، میاں منیر کی عوامی تحریک کے قومی مشاورتی اجلاس میں شرکت اور اظہار یکجہتی

لاہور(31جولائی2016) پاکستان مسلم لیگ کے سینئر رہنماؤں نے کہا ہے کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے قاتلوں اور ذمہ داروں کو اپنے کئے کا حساب دینا ہی پڑے گا، شہداء کی روحیں 2سال سے قاتلوں اور ذمہ داروں کو سزا نہ دینے پر انصاف کیلئے پکار رہی ہیں لیکن اس سلسلہ میں کوئی پیشرفت نہیں ہو سکی، ہماری جماعت حکومت میں ہو یا اپوزیشن میں غریبوں، مظلوموں اور مجبوروں کا عملی طور پر ساتھ دینا اس کا مشن ہے، یہی وجہ ہے کہ چودھری شجاعت حسین اور چودھری پرویزالٰہی کی قیادت میں غریب اور عام آدمی کی فلاح و بہبود اور بلاامتیاز انصاف کی فراہمی کیلئے مسلم لیگی حکومت نے پنجاب میں جو اقدامات کیے وہ اپنی مثال ہیں۔ پاکستان مسلم لیگ کے ایم این اے طارق بشیر چیمہ، سینیٹر کامل علی آغا، چودھری ظہیرالدین، محمد بشارت راجہ اور میاں منیر نے پاکستان عوامی تحریک کے زیر اہتمام آئین و قانون کی بالادستی و کرپشن سے پاک پاکستان کیلئے قومی مشاورت اجلاس میں شرکت کی اور اظہار یکجہتی کیا۔ انہوں نے گفتگو کرتے ہوئے مزید کہا کہ چودھری پرویزالٰہی خون کی ہولی کے بعد اظہار یکجہتی اور ہمدردی کیلئے سب سے پہلے منہاج القرآن ماڈل ٹاؤن پہنچے اور تحریک کے مظلوم کارکنوں کا ساتھ دینے کا اعلان کیا، پاکستان مسلم لیگ آج بھی ان کے ساتھ ہے اور انصاف کے حصول تک ساتھ دے گی، حکمرانوں کی جانب سے قانون شکنی اور پھر خود کو قانون سے بچانے کیلئے جو ہتھکنڈے استعمال کیے جا رہے ہیں اس کے باعث پنجاب میں قتل، ڈکیتی، رہزنی، بچوں کے اغوا جیسے سنگین جرائم میں دن بدن اضافہ ہو رہا ہے کیونکہ کسی کو سزا کا خوف نہیں۔ مسلم لیگی رہنماؤں نے مزید کہا کہ سب سے افسوسناک بات یہ ہے کہ ایف آئی آر میں تمام ملزموں کی نامزدگی اور ہائیکورٹ کے فاضل جج کی جوڈیشل انکوائری رپورٹ میں ذمہ داروں کی نشاندہی کے باوجود کچھ نہیں کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ قاتل اور ذمہ داران اپنے بچاؤ کیلئے جو کچھ بھی کر لیں شہیدوں کا خون رنگ ضرور لاتا ہے، اس سانحہ کے قاتلوں و ذمہ داروں کو یہ بات نہیں بھولنا چاہئے کہ آخرت میں بھی ایک عدالت لگے گی جہاں شہداء کو انصاف ضرور ملے گا۔

urdu-download

Photo PML 01 {July31-16}

Share