اورنج لائن: عدالتی فیصلہ سے ہمارا مؤقف ثابت ہو گیا، شہبازشریف سے غیر قانونی تعمیرات کا قومی نقصان پورا کریں: چودھری پرویزالٰہی
August 21, 2016
Featured, News, Pictures, Urdu News
419 Views
ہمارا لوکل ٹرین کا سستا منصوبہ اس لیے روک دیا کہ ڈالر نہیں بنتے تھے، بچوں کے تحفظ کے اداروں سمیت ہمارا ہر ادارہ برباد کر دیا
14لاشیں گرانے والوں کو بچوں کے اغوا کی کیا پرواہ، معاملہ دبانے کیلئے اغوا ہونے اور گھر سے بھاگنے والوں کے اعدادوشمار گڈمڈ کر رہے ہیں: پریس کانفرنس
لاہور(21اگست2016) پاکستان مسلم لیگ کے سینئرمرکزی رہنما و سابق نائب وزیراعظم چودھری پرویزالٰہی نے اورنج لائن پر لاہور ہائیکورٹ کے فیصلہ کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ اس سے ہمارے مؤقف کی سچائی ثابت ہو گئی ہے، غیر قانونی تعمیرات کے ذمہ دار شہبازشریف ہیں اس لیے صوبائی سرمایہ کا اتنا بڑا قومی نقصان ان سے پورا کیا جائے اور کمیشن بھی واپس لیا جائے، انہوں نے ہمارا لوکل ٹرین کا سستا اور منافع بخش منصوبہ اس لیے روک دیا کہ ڈالر نہیں بن رہے تھے اور کمیشن کا ٹیکہ نہیں لگ رہا تھا، لاہور میں 14لاشیں گرانے والوں کو بچوں کے اغوا کی کیا پرواہ ہے یہ تو معاملہ دبانے کیلئے اغوا ہونے اور گھر سے بھاگنے والے بچوں کے اعداد و شمار میں ہیرا پھیری اور انہیں گڈمڈ کر رہے ہیں۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار یہاں اپنی رہائش گاہ پر سینئر مسلم لیگی رہنماؤں چودھری ظہیرالدین اور میاں منیر کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ لاہور ہائیکورٹ نے اورنج لائن کے نام پر لاہور کے قومی تاریخی ورثہ کو شہبازشریف کے ہاتھوں تباہی سے بچا لیا جبکہ جناب جسٹس شاہد کریم نے اپنے اضافی نوٹ میں تاریخی ورثے کی حفاظت کو لاہور کے شہریوں کا بنیادی حق قرار دیا ہے، اس فیصلہ سے ہمارے موقف کی تصدیق ہو گئی ہے کہ اورنج لائن منصوبہ بغیر کسی منصوبہ بندی کے شروع کیا گیا جبکہ ہمارا 97کلومیٹر اور 4لائنوں کا انڈرگراؤنڈ لوکل ٹرین کا منصوبہ ان کے مقابلہ میں بہت کم لاگت کا سبسڈی فری، کرپشن سے پاک، کم کرایہ، کم مارک اپ پر اور ان تمام نقائص سے پاک تھا جس کی نشاندہی لاہور ہائیکورٹ نے کی ہے، اس میں آرکایالوجی ڈیپارٹمنٹ کی مشاورت شامل تھی۔ انہوں نے کہا کہ شہبازشریف نے اورنج لائن کی تعمیر کا ٹھیکہ اسلحہ ساز کمپنی کو دیا جبکہ ہم نے دنیا میں بڑے ماس ٹرانزٹ پراجیکٹ کرنے والی کمپنی Systra کو کنٹریکٹ دیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ دلی کے ماس ٹرانزٹ منصوبہ میں بھی مسلمانوں کی تاریخی عمارات سے وہ سلوک نہیں ہوا جو سلوک ن لیگ لاہور میں اپنے تاریخی ورثہ سے کر رہی ہے، شہبازشریف نے ہمارے ماس ٹرانزٹ پراجیکٹ کی نقل کرنے کی کوشش میں عقل استعمال نہیں کی اور پنجاب کو اربوں روپے کا نقصان پہنچایا ہے۔ چودھری پرویزالٰہی نے مزید کہا کہ پنجاب میں بچوں کے اغوا کی وارداتوں میں خوفناک اضافہ سے ہر شہری پریشان ہے، تین چار ماہ میں 600 بچے اغوا ہو چکے جن میں سے 300 صرف لاہور کے ہیں اور سپریم کورٹ کو اس کا از خود نوٹس لینا پڑا لیکن پنجاب حکومت بچوں کے اغوا کا ذمے دار خود ان کے والدین کو قرار دے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بچوں کے تحفظ کیلئے ہمارے دور میں 22 جون 2004ء کو چائلڈ پروٹیکشن بیورو قائم کر کے اس کے تحت جو ادارے بنائے گئے تھے اگر ان کو صحیح طور پر کام کرنے دیا جاتا تو آج پنجاب میں یہ حالات نہ ہوتے۔ انہوں نے سرکاری اشتہارات دکھاتے ہوئے کہا کہ شہبازشریف ان کے قیام کا کریڈٹ لینے کی کوشش کر رہے ہیں حالانکہ انہوں نے ہمارے دیگر منصوبوں کی طرح ان کو بند کرنے میں ناکامی کے بعد برباد کر دیا جبکہ 2007ء میں ہمارے قائم کردہ چائلڈ پروٹیکشن سنٹرز میں 20ہزار بچوں کی مفت کفالت کے علاوہ بہترین تعلیم دی جا رہی تھی، سڑکوں پر بھیک مانگتے بچے نظر نہیں آتے تھے اور بچوں کے اغوا کی وارداتیں بھی نہ ہونے کے برابر رہ گئی تھیں۔ چودھری پرویزالٰہی نے ایک سوال پر کہا کہ حکمرانوں کے منصوبوں سے ابھی بجلی پیدا ہونا شروع نہیں ہوئی البتہ انہوں نے ڈالر کمانا شروع کر دئیے ہیں، قائداعظم سولر اور نندی پور پاور پراجیکٹ کی مثالیں سب کے سامنے ہیں۔

