اپوزیشن کا کارواں چل پڑا، حکمران عوام کا راستہ نہیں روک سکتے: پاکستان مسلم لیگ
September 3, 2016
Featured, News, Pictures, Urdu News
402 Views
سانحہ ماڈل ٹاؤن کی قتل و غارت نواز، شہبازشریف کو ہضم نہیں ہو سکتی، کامل آغا، طارق بشیر چیمہ، چودھری ظہیرالدین، بشارت راجہ کا خطاب
عوام بدحال حکمران خوشحال ہیں، سائیکل والا کنٹینر خصوصی دلچسپی کا مرکز، مسلم لیگی رہنماؤں، خواتین اور کارکنوں کی ریلی میں پرجوش شرکت
لاہور(03ستمبر2016) پاکستان مسلم لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین اور سینئرمرکزی رہنما و سابق نائب وزیر اعظم چودھری پرویزالٰہی کی ہدایت پر پاکستان مسلم لیگ کے رہنماؤں اور کارکنوں نے یہاں احتساب ریلی میں بھرپور اور پرجوش شرکت کی۔ بائیسکل والا کنٹینر خصوصی دلچسپی کا مرکز بنا رہا جبکہ دوسرے کنٹینر پر پارٹی رہنما سوار تھے۔ لاہور شہر کے علاوہ شیخوپورہ، سیالکوٹ اور دیگر مختلف مقامات سے مسلم لیگیوں کے جلوس پرجوش نعرے لگاتے ہوئے عمران خان کی ریلی میں شرکت کیلئے شاہدرہ پہنچے جبکہ مسلم لیگ ہاؤس سے بھی ایک بڑا جلوس روانہ ہوا۔ مسلم لیگی رہنماؤں سینیٹر کامل علی آغا، طارق بشیر چیمہ ایم این اے، بشارت راجہ، چودھری ظہیرالدین، میاں منیر اور دیگر رہنماؤں نے خطاب بھی کیا۔ کامل علی آغا نے کہا کہ عوام بدحال اور حکمران خوشحال ہیں، حکمرانوں کی کرپشن، لاقانونیت اور ملکی و عوامی مسائل سے عدم دلچسپی کیخلاف اپوزیشن کا کارواں چل پڑا ہے، مرکز اور پنجاب کے حکمران اب عوام کا راستہ نہیں روک سکتے، سانحہ ماڈل ٹاؤن کی قتل و غارت نوازشریف اور شہبازشریف کو ہضم نہیں ہو سکتی، پاکستان مسلم لیگ احتساب ریلی میں بھرپور حصہ لے رہی ہے اور قصاص ریلی میں بھی شریک ہے، مسلم لیگی کارکن اپوزیشن کارکنوں کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑے ہیں، حکمران کسی خوش فہمی میں نہ رہیں، اپوزیشن متحد ہے، باضمیر لوگ کرپشن کیخلاف اکٹھے ہو گئے ہیں صرف اچکزئی جیسے ملک دشمن نوازشریف کے ساتھ رہ گئے ہیں۔ مسلم لیگی رہنماؤں نے کہا کہ یہ کیسی حکومت ہے کہ جب تک مقتول کی نعش گورنر ہاؤس کے سامنے رکھ کر دھرنا نہ دیا جائے اور اغوا شدہ بچے کی نعش نہ مل جائے مقدمہ درج نہیں ہوتا۔ الطاف حسین جیسے غدار اعظم اور مودی جیسے پاکستان دشمن کیخلاف وزیراعظم نوازشریف کی مجرمانہ خاموشی کرپشن، دہشت گردی، لوڈشیڈنگ، بیروزگاری، مہنگائی اور جرائم کیخلاف عوامی اتحاد دیکھ کر وزیراعظم کی پریشانی کا اندازہ سیالکوٹ۔ لاہور موٹروے، لاہور بائی پاس اور دیگر ایسے ترقیاتی کاموں کے جعلی افتتاح سے کیا جا سکتا ہے جو چودھری پرویزالٰہی کی حکومت نے شروع کیے لیکن انہوں نے پہلے بند کر دئیے اور اب کئی گنا زیادہ خرچہ سے انہیں بنانے کا اعلان کر رہے ہیں۔ ریلی میں پاکستان مسلم لیگ کے کنٹینر اور گاڑیوں پر چودھری شجاعت حسین، چودھری پرویزالٰہی اور مونس الٰہی کی تصاویر آویزاں تھیں۔ مسلم لیگی قائدین کے حق میں ترانوں نے سماں باندھ رکھا تھا۔ پاکستان مسلم لیگ کے رہنماؤں خرم منور منج، باؤ رضوان، خدیجہ فاروقی ایم پی اے، سلیم بریار، آمنہ الفت، ثمینہ خاور حیات، ماجدہ زیدی، کنول نسیم، رانا محمد استخار، گل خان، سید امتیاز شاہ، سید امتیاز شاہ، شکیل عطاء اللہ ورک، سجاد بلوچ، نصیر آرائیں اور شیخ عمر اپنے اپنے شعبہ اور علاقوں کے کارکنوں کی بڑی تعداد کی قیادت کر رہے تھے۔

