نوازشریف کی ساتھی جماعتیں بھی اب ان کے ساتھ نہیں: چودھری پرویزالٰہی
September 4, 2016
Featured, News, Pictures, Urdu News
360 Views
ملک دشمنوں کو اس لیے چھٹی نہ دی جائے کہ وہ وزیراعظم کے ساتھ ہیں، سانحہ ماڈل ٹاؤن میں انصاف ضرور ملنا چاہئے
وزیراعظم اپنے بھائی سے پنجاب کے ہسپتالوں کی حالت زار کو تو بہتر بنوائیں جہاں غریب مریض رل رہے ہیں: میڈیا سے گفتگو
لاہور(04ستمبر2016) پاکستان مسلم لیگ کے سینئرمرکزی رہنما و سابق نائب وزیر اعظم چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ نوازشریف کیلئے حالات تبدیل ہو چکے ہیں، ان کی ساتھی جماعتیں بھی اب ان کے ساتھ نہیں ہیں، سانحہ ماڈل ٹاؤن کے متاثرین کو انصاف ضرور ملنا چاہئے اور ملک دشمنوں کو صرف اس لیے کھلی چھٹی نہیں ہونی چاہئے کہ وہ وزیراعظم کے ساتھ اور ان کی حکومت میں شامل ہیں۔ وہ یہاں سابق سینئر بیوروکریٹ جی ایم سکندر کی صاحبزادی کی شادی میں شرکت کے موقع پر میڈیا کے سوالات کے جواب دے رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے کل کی ریلی میں شرکت کیلئے تمام جماعتوں کو دعوت دی تھی ہماری جماعت نے ان کی خصوصی دعوت پر بھرپور شرکت کی۔ انہوں نے کہا کہ 2014ء میں عمران خان کے دھرنے کی مخالف جماعتیں بھی اب ان کے ساتھ ہیں یہاں تک کہ پیپلزپارٹی جو اس وقت ن لیگ کے ساتھ تھی اس کے رہنما بھی گذشتہ روز کی ریلی میں شریک تھے، موجودہ اجتماع پہلے سے زیادہ موثر اور بھرپور تھا۔ چودھری پرویزالٰہی نے نوازشریف کی جانب سے نئے ہسپتال قائم کرنے کے اعلان پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے بھائی سے پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں کی حالت زار کو تو بہتر بنوائیں جہاں غریب مریض رل رہے ہیں، ادویات میسر نہیں اور نہ فری ٹیسٹ ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کو ڈرامے کرنے کا اب کوئی فائدہ نہیں ان کے تمام تر ڈراموں، بڑھکوں اور جھوٹے پراپیگنڈے کے باوجود عوام جان چکے ہیں کہ موجودہ مفاد پرست حکمرانوں میں ان کے مسائل حل کرنے کی اہلیت ہے نہ دلچسپی۔

