افسوس! مودی جارحیت، بلوچستان و کراچی میں دخل اندازی کیخلاف وزیراعظم اور حکومت نے جنرل اسمبلی میں ذمہ داریاں پوری نہیں کیں: کامل علی آغا

مسئلہ کشمیر پر پوری قوم ہمیشہ سے متحد ہے، کرپشن کا خاتمہ، پانامہ لیکس پر ایکشن اور سی پیک پر تحفظات ختم کرنا ضروری ہے

لاہور(03اکتوبر2016) آل پارلیمانی پارٹیز کانفرنس میں پاکستان مسلم لیگ کے نمائندے سینیٹر کامل علی آغا نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر پر پوری قوم ہمیشہ سے متحد ہے، قومی سلامتی کے تحفظ، بھارتی جارحیت اور مقبوضہ کشمیر میں بھارتی دہشت گردی اور ظلم و تشدد کے خلاف حکومت کے ساتھ ہر قسم کے تعاون کیلئے تیار ہیں لیکن حکومت کو بھی چاہئے کہ وہ مثبت رویہ اختیار کرے۔ انہوں نے کانفرنس سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ افسوس کہ وزیراعظم نوازشریف اور ان کی حکومت نے مودی جارحیت، بلوچستان و کراچی میں دہشت گردی اور بداَمنی کیلئے بھارتی ریاستی دخل اندازی اور کل بھوشن یادیو کے اعتراف جرم جیسے معاملات پر جنرل اسمبلی میں اور سفارتی سطح پر اپنی قومی ذمہ داریاں پوری نہیں کیں، وزیراعظم نے اقوام متحدہ میں کشمیر میں پاکستان کے دیرینہ مؤقف کا ذکر تو کیا لیکن مشرقی پاکستان کی علیحدگی میں مودی کے اپنے کردار کے اعتراف اور بلوچستان کے علاوہ گلگت و بلتستان کو علیحدہ کرنے کے اعلانات و اقدامات پر خاموش رہے حالانکہ مودی کی یہ باتیں انہیں عالمی دہشت گرد اور امن کا دشمن ثابت کرتی ہیں۔ کامل علی آغا نے کہا کہ بھارتی جارحیت کا بھرپور جواب دینے کیلئے پاکستانی عوام پاک فوج کے ساتھ ہیں۔ انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ ملک میں کرپشن کا خاتمہ، پانامہ لیکس پر ایکشن اور سی پیک پر چھوٹے صوبوں، گلگت و بلتستان اور فاٹا کے تحفظات ختم کرنا ضروری ہے ورنہ داخلی انتشار بڑھے گا۔

urdu-download

Share