پاکستانی مارشل قوم، پانی بند کرنیوالوں کی سانسیں بند کر دے گی: چودھری شجاعت حسین، پرویزالٰہی
October 4, 2016
Featured, News, Pictures, Urdu News
605 Views
پاکستان مسلم لیگ کے اعلیٰ سطحی اجلاس میں پارٹی کے ضلعی و صوبائی انتخابات 15روز میں مکمل کرنے کا فیصلہ
تنظیم سازی میں پارٹی کارکنوں اور رہنماؤں کی دلچسپی پر اظہار تحسین، چودھری پرویزالٰہی محرم کے بعد اضلاع کے دورے کرینگے
لاہور(04اکتوبر2016) پاکستان مسلم لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین اور سینئرمرکزی رہنما و سابق نائب وزیر اعظم چودھری پرویزالٰہی نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کی سخت ترین الفاظ میں مذمت اور کشمیریوں سے مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستانی مارشل قوم ہیں، نریندر مودی ہمارے 20کروڑ عوام سے اس کے حکمرانوں جیسے نرم رویہ اور مصلحت پسندانہ ردعمل کی توقع نہ رکھے، وہ جارحیت کو کسی صورت میں برداشت کرنے کو تیار نہیں اور پاکستان دشمن کسی بھی اقدام کا منہ توڑ جواب دیں گے، ہمارا دریائی پانی بند کرنے کی باتیں کرنے والے یہ نہ بھولیں کہ پاکستانی قوم ان کی سانسیں بند کر دے گی۔ انہوں نے اس امر کا اظہار یہاں چودھری شجاعت حسین کی زیرصدارت پارٹی کے اعلیٰ سطحی مشاورتی اجلاس میں کیا۔ جس میں پارٹی کی تنظیم نو، پارٹی انتخابات، سیاسی صورتحال اور بھارتی جارحانہ رویہ پر تفصیلی غور و خوص کیا گیا۔ اجلاس میں رکن قومی اسمبلی طارق بشیر چیمہ اور ارکان صوبائی اسمبلی کے علاوہ چودھری ظہیرالدین، محمد بشارت راجہ، مونس الٰہی، چودھری شفاعت حسین اور دیگر پارٹی رہنماؤں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اجلاس میں طے کیا گیا کہ پارٹی کے صوبائی صدر چودھری پرویزالٰہی محرم الحرام کے بعد تمام اضلاع کے تفصیلی دورے کریں گے جن کا آغاز راولپنڈی ڈویژن سے ہو گا، اس سے قبل ضلعی تنظیم سازی کا کام فوری طور پر مکمل کیا جائے گا جبکہ پندرہ روز کے اندر اندر اضلاع کی سطح پر اور صوبائی تنظیم کے انتخابات مکمل کر لیے جائیں گے۔ چودھری شجاعت حسین اور چودھری پرویزالٰہی نے پاکستان مسلم لیگ کے رہنماؤں اور کارکنوں کی جانب سے پارٹی کی تنظیم نو میں بھرپور دلچسپی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ہمیں اپنے ان ساتھیوں پر فخر ہے جنہوں نے جھوٹے مقدمات، امتیازی سلوک اور مشکل و نامساعد حالات کے باوجود پارٹی کا ساتھ نہیں چھوڑا اور ہر قسم کی دھمکیوں، ترغیب اور لالچ کے باوجود ہمارے شانہ بشانہ کھڑے ہیں، اس ملک کے عام اور غریب آدمی کی خدمت پر یقین رکھتے ہیں اور عوام کی تقدیر بدلنے کیلئے کوشاں ہیں۔ پارٹی رہنماؤں نے اجلاس کو اپنے اپنے علاقہ میں تنظیم سازی اور پارٹی کی دیگر سرگرمیوں سے آگاہ کیا اور تمام معاملات پر کھل کر اپنی رائے دی۔ اجلاس میں ڈاکٹر خالد رانجھا، چودھری فرخ الطاف، عامر سلطان چیمہ، میجر (ر) طاہر صادق، حافظ عمار یاسر، خدیجہ فاروقی، باؤ رضوان، میاں منیر، ڈاکٹر عظیم الدین لکھوی، نعمان لنگڑیال، خرم منور منج، گل آغا، محمد خان لغاری، سلیم بریار، چودھری احسان الحق بھی شریک تھے۔

