پانامہ لیکس اور نیشنل سکیورٹی خطرہ میں ڈالنے والوں کا احتساب ضرور ہو گا: چودھری پرویزالٰہی
November 1, 2016
Featured, News, Pictures, Urdu News
705 Views
سپریم کورٹ کے جوڈیشل کمیشن سے امید ہے کہ جلد احتساب کا عمل مکمل ہو گا، اسلام آباد نواز، شہبازشریف کا نہیں
شہبازشریف نے چھوٹے صوبوں میں نفرت پیدا کرنے کی کوشش کی، غیرقانونی اقدامات کی مذمت کرتے ہیں: پرویزخٹک سے گفتگو
ہمارے ہزاروں کارکن جیلوں میں ہیں، پیدل چل کر آنے والے کارکنوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں: پریس کانفرنس
اسلام آباد/لاہور(یکم نومبر2016) پاکستان مسلم لیگ کے سینئرمرکزی رہنما و سابق نائب وزیراعظم چودھری پرویزالٰہی نے اپنی رہائش گاہ پر 2نومبر کے دھرنے میں شرکت کیلئے آنے والے پارٹی رہنماؤں و کارکنوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ آپ لوگوں کی وجہ سے پارٹی کا مورال بلند ہوا ہے، پانامہ لیکس کے ایشو پر ہم نے اپوزیشن جماعتوں کے احتجاج سے اتفاق کیا کیونکہ یہ کسی ایک جماعت کا مسئلہ نہیں پوری قوم کا مطالبہ ہے، چوروں کا احتساب ہونا اور لوٹی ہوئی دولت واپس آنی چاہئے۔ اس موقع پر سینیٹر کامل علی آغا، چودھری ظہیرالدین، محمد بشارت راجہ، میجر (ر) طاہر صادق، اجمل وزیر خان، حافظ عمار یاسر، رحمن نصیر اور دیگر مسلم لیگی رہنما موجود تھے۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ پانامہ لیکس سے متعلق پٹیشن پر سپریم کورٹ کے عبوری اقدامات سے امید کی ایک کرن پیدا ہوئی ہے، ہم پرعزم ہیں اور پورے اعتماد کے ساتھ یہ توقع رکھتے ہیں کہ انشاء اللہ یہ ایشو اپنے منطقی انجام کو پہنچے گا، سپریم کورٹ بااختیار جوڈیشل کمیشن کے ذریعے ملک کو بحران سے نکالے گی اور عوام کو انصاف ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ ملک بھر اور باالخصوص پنجاب میں جس ریاستی دہشت گردی کا مظاہرہ کیا گیا اس کی مثال نہیں ملتی، ہم اس حکومتی رویہ کی بھرپور مذمت کرتے ہیں، اسلام آباد نوازشریف اور شہبازشریف کا نہیں ہے، وزیراعلیٰ اور صوبہ خیبرپختونخواہ سے اسلام آباد آنے والے بھائیوں کے ساتھ شہبازشریف کی طرف سے جو زیادتی کی گئی اس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ انہوں نے وزیراعلیٰ پرویزخٹک سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پنجاب کے اس غیرضروری اقدام سے فیڈریشن کو خطرہ میں ڈالا گیا، انہوں نے وزیراعلیٰ اور پختون بھائیوں کی جرأت اور حوصلے کو سلام پیش کیا اور جاں بحق ہونیوالوں کے خاندانوں سے اظہار ہمدردی کرتے ہوئے یقین دلایا کہ ان کا خون رائیگاں نہیں جائے گا۔ اٹک، چکوال، تلہ گنگ، قصور، بہاولپور، شیخوپورہ، منڈی بہاؤ الدین، گجرات اور دیگر اضلاع سے گرفتار ہونے والے اپنے پارٹی کارکنوں کا انہوں نے شکریہ ادا کیا اور یقین دلایا کہ ان کی جرأت اور جذبہ نے جماعت کو نئی جلا بخشی ہے، موجودہ حکمران ملک اور قوم کو بحرانوں کے سوا کچھ نہیں دے سکتے، پانامہ لیکس پر سردمہری اور اس کے بعد وزیراعظم ہاؤس سے قومی سلامتی کے اداروں کے خلاف کارروائیاں حکمرانوں کے مائنڈسیٹ کی ترجمان ہیں، یہ ملکی تاریخ میں پہلی بار ہوا کہ ملک کی نیشنل سکیورٹی کو خطرات پرائم منسٹر ہاؤس سے پیدا ہوئے، سپریم کورٹ آف پاکستان اور قومی سلامتی کے ادارے اس مسئلے پر اپنا کردار ادا کرتے ہوئے ذمہ داروں کو کیفر کردار تک پہنچائیں گے۔ انہوں نے اسلام آباد پہنچ جانے والے اور قافلوں کی صورت میں مصیبتیں برداشت کرتے آنے والوں کو خراج تحسین کرتے ہوئے کہا کہ تمام تر ریاستی ظلم و تشدد کے باوجود آپ کا یہاں آنا اپنی جماعت و قیادت کے ساتھ محبت کا ثبوت ہے۔ انہوں نے باالخصوص میجر (ر) طاہر صادق اور حافظ عمار یاسر سے اظہار تشکر کیا۔

