حکمران غوطے کھا رہے ہیں، 24ویں ترمیم عوام کیلئے نہیں حکمران بچاؤ ترمیم ہے: چودھری پرویزالٰہی
November 30, 2016
Featured, News, Pictures, Urdu News
528 Views
لوگ گھروں دکانوں میں بھی محفوظ نہیں، پنجاب میں اپنے انتخابی معاون دہشت گردوں اور مجرموں کی پناہ گاہیں بچانے کیلئے رینجرز آپریشن روک دیا
اپنے اقتدار کیلئے این ایف سی ایوارڈ میں بھی پنجاب کا سودا کیا، پولیس کو ذاتی و سیاسی بنا دیا، جیل جانے والے کارکنوں کو خراج تحسین
لاہور(30نومبر2016) پاکستان مسلم لیگ کے سینئرمرکزی رہنما و سابق نائب وزیراعظم چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ حکمران غوطے کھا رہے ہیں، 24ویں ترمیم عوام کیلئے نہیں حکمران بچاؤ ترمیم ہے، پنجاب میں لوگ سڑکوں اور بازاروں تو کیا اپنے گھروں اور دکانوں میں بھی محفوظ نہیں، امن عامہ کی بدترین صورتحال کی وجہ یہ ہے کہ سب سے بڑے صوبہ میں اپنے انتخابی معاون دہشت گردوں اور مجرموں کی پناہ گاہیں بچانے کیلئے رینجرز کو آپریشن سے روک دیا گیا، پولیس کو ذاتی طور پر استعمال کیا جا رہے اور سیاسی بنا دیا گیا ہے۔ وہ یہاں مسلم لیگ ہاؤس میں دھرنا روکنے کیلئے گرفتار کیے گئے پارٹی رہنماؤں و کارکنوں کے اعزاز میں استقبالیہ سے خطاب کر رہے تھے جنہیں زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے پھولوں کے ہار پہنائے گئے۔ چودھری پرویزالٰہی نے مزید کہا کہ یہ کارکن ہمارے دلیر اور مخلص ساتھی ہیں جنہوں نے ظلم و زیادتی کا جرات سے مقابلہ کیا، انہیں پکڑا گیا، گھروں پر چھاپے مار کر اہل خانہ کو ہراساں کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ سیاست میں جیل دیکھنا ضروری ہے، ہم بھی دو تین بار جیل گئے۔ انہوں نے کہا کہ حکمران آخری سانسیں لے رہے ہیں، یہ ڈوبتے نظر آ رہے ہیں اور بچنے کیلئے ہاتھ پاؤں مار رہے ہیں، 24ویں ترمیم سپریم کورٹ میں پانامہ کیس کی سماعت کے بعد اقتدار بچانے کیلئے پیش کی گئی ہے، پچھلے تین سال میں ان کو یہ نظر نہیں آیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ اپنے اقتدار کیلئے سب کچھ قربان کر دیتے ہیں، اس سے پہلے انہوں نے دو بار سے زائد وزیراعظم بننے کی ترمیم اور پنجاب میں اقتدار حاصل کرنے کیلئے این ایف سی ایوارڈ میں پنجاب کا سودا کیا اور ہمارے مؤقف کے برعکس پنجاب کو بجلی اور گیس کے استعمال کی بنیاد پر کوٹے سے محروم کر دیا، پنجاب میں اقتصادی اور امن عامہ کی صورتحال انتہائی خراب ہے مگر حکمران جھوٹ پر جھوٹ بول رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ وہ تنظیم کے سلسلہ میں اضلاع کے دورے شروع کر رہے ہیں۔ استقبالیہ میں شریک کارکنوں کو گجرات، منڈی بہاؤ الدین، حافظ آباد، شیخوپورہ، ملتان، بہاولپور، جھنگ، لیہ، فیصل آباد، گوجرانوالہ، لاہور، ٹوبہ ٹیک سنگھ، ننکانہ صاحب، ساہیوال سے گرفتار کیا گیا تھا۔ اس موقع پر طارق بشیر چیمہ ایم این اے، چودھری ظہیرالدین، محمد بشارت راجہ، عامر سلطان چیمہ، ڈاکٹر افضل، محمد شاہ کھگہ، ریاض اصغر چودھری، باؤ رضوان، عارف گوندل، ڈاکٹر عظیم الدین لکھوی، میاں منیر، اعظم چیمہ، قمر حیات کاٹھیا، شکیل عطا ورک، خدیجہ فاروقی، ثمینہ خاور حیات، آمنہ الفت، کنول نسیم اور دیگر رہنما موجود تھے۔

