قائداعظمؒ کا پاکستان بنانے کیلئے تحریک پاکستان والے جذبہ کی ضرورت ہے: چودھری شجاعت حسین، پرویزالٰہی، مونس الٰہی
December 24, 2016
Featured, News, Urdu News
362 Views
قومی یکجہتی اور ملکی سالمیت کو اہمیت دی جائے، پاکستان مسلم لیگ ہر پاکستانی کی خوشحالی چاہتی ہے: یوم قائداعظمؒ اور کرسمس پر پیغامات
لاہور(24دسمبر2016) پاکستان مسلم لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین، سینئرمرکزی رہنما و سابق نائب وزیر اعظم چودھری پرویزالٰہی اور مونس الٰہی نے یوم قائداعظمؒ پر پوری قوم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ مادرِوطن کو بانی پاکستان کے خوابوں کے مطابق اسلامی فلاحی مملکت اور امن و خوشحالی کا مثالی مرکز بنانے کیلئے ہر پاکستانی کو اسی جذبہ اور عمل کا مظاہرہ کرنا ہو گا جو محمد علی جناحؒ کی قیادت میں تحریک پاکستان کے دوران سامنے آیا تھا جس کے نتیجہ میں صرف سات سال کی جدوجہد کے بعد دنیا میں سب سے بڑی اسلامی مملکت قائم ہو گئی۔ انہوں نے مسیحی بھائیوں کو بھی کرسمس کی خصوصی مبارکباد پیش کی اور کہا کہ ان کی جماعت نبی آخری الزماں حضرت محمد مصطفیﷺ کے بتائے گئے اصولوں اور قائداعظمؒ کے فرمودات کے مطابق پاکستان میں مسیحیوں اور دیگر مذاہب کے ماننے والوں کے حقوق کا مکمل تحفظ کرتی رہے گی۔ تینوں قائدین نے اپنے پیغامات تہنیت میں مزید کہا کہ وطن عزیز کو آج ہر طرف سے خطرات لاحق ہیں، ان حالات میں ہر پاکستانی کا فرض ہے کہ وہ پاکستان کی سلامتی اور قومی یکجہتی کو اولیت دے، ہمیں یہ نہیں بھولنا چاہئے کہ ماؤں، بہنوں، بیٹیوں، جوانوں اور بزرگوں کی جان، مال و آبرو کی عظیم قربانیاں دینے کے بعد حاصل کیا گیا یہ ملک ہی ہم سب کے تحفظ اور عزت و وَقار کا ضامن ہے، ہمیں پاکستان سے محبت کرنے اور اسے نقصان پہنچانے والوں میں تمیز کرنا ہو گی، قائداعظمؒ کے خواب کی تکمیل اور پاکستان کی نظریاتی و جغرافیائی سرحدوں کے تحفظ کیلئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہ کرنے کا عہد کرنا ہو گا۔ انہوں نے مذہبی ہم آہنگی پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی سلامتی کے علاوہ ترقی میں بھی مسیحی بھائیوں کا کردار نہایت اہم ہے اور کرسمس پر بھی پاکستان کی سلامتی، استحکام اور خوشحالی کیلئے خصوصی دعائیں کی جاتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسیحیوں اور دیگر مذاہب کے پیروکاروں کی فلاح و بہبود کیلئے بھی خصوصی اقدامات پاکستان مسلم لیگ کے ایجنڈے میں شامل ہیں اور وہ ان پر عملدرآمد کیلئے کوششیں جاری رکھے گی جیسا کہ اس نے پنجاب میں چودھری پرویزالٰہی کی حکومت کے دوران مشنری اداروں کی واپسی، دُہرے ووٹ کے حق، ملازمتوں کیلئے دگنا کوٹہ اور ریکارڈ ترقیاتی فنڈز کی فراہمی جیسے تاریخی اقدامات کیے۔
