Tuesday , May 30 2023
Breaking News
Home / Featured / ساری اپوزیشن متحد ہو گی تو نااہل حکمرانوں سے ملک کی جان چھوٹ جائیگی: چودھری پرویزالٰہی

ساری اپوزیشن متحد ہو گی تو نااہل حکمرانوں سے ملک کی جان چھوٹ جائیگی: چودھری پرویزالٰہی

حکمرانوں سے نجات کیلئے پوری قوم بارش کی طرح اجتماعی دعا کا انتظام کرے، مریض کو کہتے ہیں چارپائی، بستر، دوائی گھر سے لے کر ہسپتال آئیں: پرجوش ورکرز کنونشن سے خطاب

لاہور(28جنوری2017) پاکستان مسلم لیگ کے سینئرمرکزی رہنما و سابق نائب وزیراعظم چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ ساری اپوزیشن متحد ہو گی تو نااہل حکمرانوں سے قوم کی جان چھوٹ جائے گی، ان سے نجات کیلئے پوری قوم کو اجتماعی دعا کا انتظام کرنے کی ضرورت ہے جس طرح بارش کیلئے کی گئی۔ وہ گوجرانوالہ میں بہت بڑے اور پرجوش ورکرز کنونشن سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے دور میں غریب مریض کو بھی ایمبولینس ہسپتال پہنچاتی تھی جہاں اسے فری ادویات ملتی تھیں، یہاں تک کہ 10ہزار روپے کی مالیت کا ٹیکہ بھی فری لگایا جاتا تھا لیکن اب مریض کو کہتے ہیں کہ چارپائی، بستر اور دوائی گھر سے لے کر ہسپتال آئیں۔ چودھری پرویزالٰہی کی پنڈال میں آمد پر پرجوش نعروں اور زبردست گل پاشی سے استقبال کیا گیا۔ فضا چودھری شجاعت حسین، مونس الٰہی اور پاکستان مسلم لیگ زندہ باد اور گونوازگو کے نعروں سے بار بار گونجتی رہی۔ انہوں نے کہا کہ ہسپتالوں میں بیڈ ہیں نہ ادویات، مریض ٹھنڈے فرش پر جان دے رہے ہیں، شہبازشریف پنجاب پر پندرہ سال کی حکمرانی میں ہماری قائم کردہ 1122 سروس جیسا کوئی منصوبہ نہیں لا سکے، ہم نے میٹرک تک تعلیم مفت کی، کسانوں، مزدوروں سمیت ہر شعبہ کے لوگوں کی فلاح و بہبود کیلئے بے مثال کام کیے اور انقلابی سہولتیں دیں، ہمارا قائم کردہ وزیرآباد کارڈیالوجی ہسپتال شہبازشریف ذاتی انا کی بنا پر شروع ہونے نہیں دے رہے جس کی وجہ سے گوجرانوالہ اور علاقہ کے 8ہزار سے زائد افراد ہارٹ اٹیک سے انتقال کر چکے ہیں، شہبازشریف کو میرے دور کی تختیاں دیکھ کر بلڈپریشر ہو جاتا ہے، یہ میری تختیاں اتار دیں، عوامی فلاحی منصوبے نہ روکیں کیونکہ ہماری تختی تو لوگوں کے دل میں ہے، اوورہیڈ برج گوجرانوالہ کی بجائے لاہور میں بن رہا ہوتا تو کب کا مکمل ہو چکا ہوتا، پنجاب کا مختص بجٹ لاہور میں نمائشی اور ڈالر بناؤ منصوبوں پر لگا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ن لیگ کی سب سے زیادہ دشمنی کسانوں سے ہے، کسان پیکیج کے نام پر پٹواری پیکیج کا اعلان کیا گیا، میری ہر پاکستانی سے اپیل ہے کہ آئندہ الیکشن میں ن لیگ سے بچ کر رہیں ورنہ آئندہ نسلیں بھی آپ کو معاف نہیں کریں گی۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ اپوزیشن ذاتی انا کو چھوڑ کر متحد ہو کر چلے تو اللہ تعالیٰ ان کے کام میں بڑی برکت دے گا اور ن لیگ بھاگ جائے گی، اپوزیشن کا وقار بلند ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے جو سکیم بھی شروع کی وہ آج تک چل رہی ہے، ہم ہر سال دس لاکھ افراد کو نوکریاں دے رہے تھے، شہبازشریف نے 9سکیمیں شروع کیں جو تمام فیل ہو گئیں، نندی پور پاور پراجیکٹ، بہاولپور سولر پراجیکٹ اور ساہیوال کے منصوبے بھی ناکام رہے ہیں، اورنج لائن کا پنجاب کے دوسرے شہروں کو کیا فائدہ، عوام کو جنگلہ بس جیسے نمائشی منصوبوں کی نہیں ہسپتالوں میں ادویات اور سکولوں میں تعلیم کی ضرورت ہے، ن لیگ والے پانامہ کیس میں پھنسے ہوئے ہیں اس کیس میں جس جس کا نام آیا سب نے استعفیٰ دے دیا یہ چھ ماہ سے کرسی سے چپکے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سیالکوٹ۔لاہور موٹروے ہم نے شروع کی اس پر دو غیرملکی یونیورسٹیاں بھی قائم ہونا تھیں جو اِن کی نااہلی کی وجہ سے ہندوستان شفٹ ہو گئیں، نااہل وزیراعلیٰ نے پنجاب کو دو ہزار ارب کا مقروض کر دیا ہے۔ انہوں نے فعال ساتھیوں کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہماری جماعت کو زین علی بھٹی جیسے کارکنوں کی ضرورت ہے۔ اس موقع پر طارق بشیر چیمہ، چودھری ظہیرالدین اور خواجہ وقارالحسن نے بھی خطاب کیا جبکہ سٹیج پر محمد بشارت راجہ، زین علی بھٹی، باؤ رضوان، میاں عمران مسعود، تنویر اعظم چیمہ، کرنل (ر) عباس، حسین الٰہی، زبیدہ احسان، عرفان احسان، چودھری ذوالفقار پپن، حاجی شاکر مبین، چودھری ناصر عنایت سرا ایڈووکیٹ، انجینئر شہزادالٰہی اور دیگر مسلم لیگی رہنما موجود تھے۔ جلسہ گاہ کھچا کھچ بھری تھی اور قریبی چھتوں پر خواتین کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔

Photo CPE 01 {Jan28-17}

urdu-download

Check Also

Terrorists are attacking freely, but the priority of fake rulers is not to establish law and order, but only political revenge: Ch Parvez Elahi

Those pursuing agenda of victimization should hear Imran Khan’s way cannot be blocked, people are …

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *