اپوزیشن متحد نہ ہوئی تو عوام کو انصاف ملے گا نہ ریلیف: چودھری پرویزالٰہی
February 7, 2017
Featured, News, Pictures, Urdu News
655 Views
عوام صرف ان پر اعتماد کریں جنہوں نے ان کیلئے کام کیا، غریب و عام آدمی کیلئے قائم کردہ ہمارے ہر ادارے نے شاندار کارکردگی دکھائی: میڈیا سے گفتگو
لاہور/اسلام آباد(07فروری2017) پاکستان مسلم لیگ کے سینئرمرکزی رہنما و سابق نائب وزیراعظم چودھری پرویزالٰہی نے تمام اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ اپوزیشن متحد نہ ہوئی تو عوام کو انصاف ملے گا اور نہ ہی کوئی ریلیف، عوام کو چاہئے کہ صرف ان رہنماؤں اور جماعتوں پر اعتماد کریں جنہوں نے ان کو درپیش مشکلات و مسائل کے خاتمہ اور ان کی فلاح و بہبود کیلئے کام کیا۔ وہ اپنی رہائش گاہ پر میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری سیاست اور حکومت کا محور عام اور غریب آدمی کی بہتری، خوشحالی اور ترقی تھا، یہی وجہ ہے کہ ہم نے ان مقاصد کو سامنے رکھ کر پنجاب میں اپنی حکومت کے دوران ریسکیو 1122 کے علاوہ تعلیم، صحت، امن عامہ، انصاف اور سماجی بہبود کے شعبوں میں جو بھی ادارے قائم کیے انہوں نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا کیونکہ ہماری نیت نیک اور مقصد ملک و قوم کی خدمت تھا، ہم نے زراعت، صنعت، تعلیم، صحت، انفراسٹرکچر اور آئی ٹی کے شعبوں میں عظیم الشان ترقیاتی منصوبے دیئے جن پر ساڑھے نو سو ارب سے زائد کی ریکارڈ سرمایہ کاری کی گئی اور صوبہ ریکارڈ تیزی سے خوشحالی و ترقی کی راہ پر گامزن تھا لیکن ہمارے بعد ہر شعبہ میں بربادی اور بدحالی سب کے سامنے ہے کیونکہ ان کی ترجیحات عوامی کی بجائے ذاتی ہیں، ہم نے اپنے دور میں بجلی کی پیداوار کیلئے ہائیڈل پاور کے شعبہ پر مرتکز کیا کیونکہ اس میں کول، گیس، سولر اور تیل کے مقابلہ میں نہایت سستی بجلی پیدا ہوتی ہے اور ہماری حکومت نے پنجاب میں پن بجلی کی پیدوار کے منصوبوں پر کام شروع کیا تھا لیکن انہوں نے ان کو ٹھپ کر کے سولر، کول پاور کے نہایت مہنگے منصوبوں کو اہمیت دی۔ چودھری پرویزالٰہی نے ایک اور سوال کے جواب میں کہا کہ پاکستان مسلم لیگ کے صدر چودھری شجاعت حسین اپوزیشن جماعتوں کو ایک پلیٹ فارم پر لانے کیلئے عملی کوششیں کر رہے ہیں تاکہ ملک و قوم کو درپیش داخلی و خارجی خطرات سے مؤثر طور پر نمٹا جا سکے، عام اور غریب آدمی کو درپیش مسائل کا خاتمہ ہو اور اسے صحت، تعلیم کی سہولتیں اور سماجی انصاف میسر ہو۔

