پنجاب آپریشن میں ڈنڈی مار کر شہدا کا خون ضائع نہ کریں: چودھری پرویزالٰہی

’’را‘‘ افغانستان میں بیٹھ کر پاکستان میں بم دھماکے اور دہشت گردی کروا رہی ہے، احمد مبین شہید دلیر، محنتی اور فرض شناس افسر تھے، ان کی شہادت قوم کیلئے مشعل راہ ہے: فیملی سے تعزیت کے بعد میڈیا سے گفتگو

لاہور(21فروری2017) پاکستان مسلم لیگ کے سینئرمرکزی رہنما و سابق نائب وزیراعظم چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ پنجاب آپریشن میں ڈنڈی مار کر شہدا کا خون ضائع نہ کریں۔ وہ یہاں ڈی آئی جی ٹریفک کیپٹن (ر) احمد مبین شہید کی رہائش گاہ پر ان کے اہل خانہ سے تعزیت کے بعد میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ اس موقع پر شہید کی والدہ، بہنوئی میجر (ر) ڈاکٹر نسیم اور دیگر عزیز و اقارب موجود تھے۔ چودھری پرویزالٰہی نے شہید کی درجات کی بلندی کیلئے دعا کی۔ انہوں نے کہا کہ کیپٹن (ر) احمد مبین بڑے محنتی، قابل، دلیر اور فرض شناس افسر تھے، وہ کھلی دھمکیوں نہایت جراتمندی سے اپنے فرائض ادا کرتے رہے اور اسی دوران دہشت گردوں کی انتقامی کارروائی کا نشانہ بن گئے، ان کی شہادت پوری قوم کیلئے مشعل راہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت افغانستان کے ذریعے پاکستان میں دہشت گردی میں ملوث ہے اور اس بات کے ثبوت موجود ہیں کہ ’’را‘‘ افغانستان میں اپنے مراکز کے ذریعے پاکستان میں بم دھماکے اور دہشت گردی کی دوسری وارداتیں کروا رہی ہے۔ انہوں نے چارسدہ میں بم دھماکوں پر دلی رنج و غم کا اظہار کیا۔ سابق وزیراعلیٰ نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ پنجاب میں رینجرز کو آپریشن کیلئے مکمل اختیارات دئیے جائیں، حکومت میں موجود سہولت کار بھی دہشت گردی کی ایک بڑی وجہ ہیں، جیسا کہ میں نے کل اپنی پریس کانفرنس میں بھی کہا تھا کہ ایک وزیر کو فوری گرفتار کر لیا جائے تو سب کچھ واضح ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل کے فائنل کا لاہور میں انعقاد ایک اچھا اقدام ہے۔ فوجی عدالتوں کی بحالی کے بارے میں چودھری پرویزالٰہی کا کہنا تھا کہ حکمرانوں کی اپنی وجہ سے اس میں تاخیر ہو رہی ہے، انہوں نے اپنی مرضی کا کوئی قانون منظور کروانا ہو تو دس منٹ میں کروا لیتے ہیں۔

Photo CPE 01 {Feb-21-17}

urdu-download

Share