پانامہ کیس کا فیصلہ جو بھی ہو حکمران عوام کی نظروں میں گر چکے ہیں: چودھری پرویزالٰہی
March 9, 2017
Featured, News, Pictures, Urdu News
458 Views
چودھری پرویزالٰہی سے فیصل آباد کی سیاسی شخصیات کی میاں ابوبکر حمزہ، میاں منیر بھٹی کی قیادت میں ملاقات
چودھری ظہیرالدین فیصل آباد میں پارٹی کو منظم اور فعال بنانے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں: وفد سے گفتگو
لاہور(09مارچ2017) پاکستان مسلم لیگ کے سینئرمرکزی رہنما و سابق نائب وزیراعظم چودھری پرویزالٰہی سے یہاں ان کی رہائش گاہ پر فیصل آباد سے تعلق رکھنے والی سیاسی و مذہبی شخصیات نے میاں ابوبکر حمزہ اور میاں منیر بھٹی امیر اہلحدیث فیصل آباد کی قیادت میں ملاقات کی۔ اس موقع پر مسلم لیگ پنجاب کے جنرل سیکرٹری چودھری ظہیرالدین، ڈاکٹر عظیم الدین لکھوی اور میاں خرم منور منج بھی موجود تھے جبکہ وفد میں رانا عبدالستار، میاں نواز احمد، میاں اعجاز احمد، میاں مزمل، چیئرمین ذکاء الرحمن، محمد منشاء، چودھری غلام مصطفی چیف آرگنائزر مسلم لیگ ضیا گروپ اور دیگر شامل تھے۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ ملکی صورتحال اس وقت انتہائی کشیدہ ہے، لا اینڈ آرڈر کی صورتحال روز بروز خراب سے خراب تر ہوتی جا رہی ہے، حکمرانوں کو عوام کی نہیں صرف اپنی فکر ہے۔ انہوں نے کہا کہ پانامہ کیس میں فیصلہ جو بھی آئے عوام کی نظر میں حکمران رسوا ہو گئے ہیں، یہی وجہ ہے کہ آج حکمران عوام سے منہ چھپائے پھر رہے ہیں، عوامی اجتماع میں اگر سامنا ہو جائے تو کبھی میڈیا کو باہر جانے کا کہتے ہیں تو کبھی کترا کر نکل جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فیصل آباد میں چودھری ظہیرالدین کی پارٹی کو منظم اور فعال بنانے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ اس موقع پر میاں ابوبکر حمزہ نے چودھری پرویزالٰہی دور کو سنہری الفاظ میں یاد کرتے ہوئے کہا کہ کسانوں اور تاجر طبقہ کیلئے جتنی سہولتیں اس دور میں ملی تھیں اس کی مثال نہیں ملتی، سیاست میں عزت صرف آپ کی پارٹی ہی میں ملتی ہے یہی وجہ ہے کہ چودھری صاحبان کا نام مخالفین بھی بڑے احترام سے لیتے ہیں۔

