حکمران چوری کرتے ہی جا رہے تھے، پکڑے اب گئے ہیں: چودھری پرویزالٰہی
April 27, 2017
Featured, News, Pictures, Urdu News
450 Views
کالاباغ ڈیم کے بغیر بجلی سستی ملے گی نہ کسان خوشحال ہو گا، دعا کریں جے آئی ٹیز کے قبرستان میں پانامہ جے آئی ٹی کی قبر کا اضافہ نہ ہو
شہبازشریف صحیح کہا پنجاب اور کسانوں کی بربادی، سرکاری ہسپتالوں و سکولوں کی تباہی اور ٹھپ سکیموں پر عوام انہیں 40سال نہیں بھولیں گے
سپریم کورٹ کے کسی جج نے ان کے حق میں ایک لفظ نہیں کہا، نواز، شہباز شریف کی عالمی سطح پر بھی ساکھ ختم ہو گئی: سیالکوٹ میں عظیم الشان ورکرز کنونشن سے خطاب
لاہور/سیالکوٹ(27اپریل2017) پاکستان مسلم لیگ کے سینئرمرکزی رہنما و سابق نائب وزیراعظم چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ حکمران چوری کرتے ہی جا رہے تھے پکڑے اب گئے ہیں، کالاباغ ڈیم کی تعمیر کے بغیر پاکستان میں بجلی سستی ملے گی نہ کسان خوشحال ہو گا، اللہ تعالیٰ کے حضور دعا کریں کہ سپریم کورٹ کی قائم کردہ جے آئی ٹی کی عزت رہے، جے آئی ٹیز کے قبرستان میں پانامہ جے آئی ٹی کی قبر کا اضافہ نہ ہو، شہبازشریف نے صحیح کہا کیونکہ پنجاب اور کسانوں کی بربادی، سرکاری ہسپتالوں و سکولوں کی تباہی اور ڈالر بناؤ ٹھپ سکیموں پر عوام انہیں چالیس سال نہیں بھولیں گے، سپریم کورٹ کے ججوں میں سے کسی نے ان کے حق میں ایک لفظ تک نہیں کہا، نوازشریف اور شہبازشریف کی عالمی سطح پر بھی ساکھ ختم ہو گئی ہے۔ وہ سیالکوٹ میں عظیم الشان ورکرز کنونشن سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر طارق بشیر چیمہ، چودھری مقصود سلہریا، باؤ رضوان، سلیم بریار، ذوالفقار گھمن اور صدف بٹ نے بھی خطاب کیا۔ طارق بشیر چیمہ کی قومی اسمبلی میں تقریر بھی سنائی گئی جس میں انہوں نے ن لیگ کو بے نقاب کیا تھا۔ چودھری پرویزالٰہی کی آمد پر ان کا پرجوش استقبال کیا گیا۔ ان کے علاوہ چودھری شجاعت حسین، مونس الٰہی کے حق میں اور گو نواز گو کے نعرے لگائے جاتے رہے۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ سپریم کورٹ کے پانچوں ججوں کے فیصلے سے واضح ہے کہ یہ چور ہیں، بین الاقوامی سطح پر پاکستان کی جتنی بدنامی نوازشریف اور شہبازشریف کی وجہ سے ہو رہی ہے اگر انہیں ذرہ برابر بھی احساس ہو تو فوراً مستعفی ہو جائیں، سپریم کورٹ کی جانب سے نوازشریف کو گاڈ فادر یعنی کرپٹ مافیا کا سردار لکھنے پر بھی یہ جے آئی ٹی کا انتظار اس امید میں کر رہے ہیں تاکہ اپنی مرضی کا رزلٹ لے سکیں۔ انہوں نے کہا کہ حدیبیہ پیپر ملز اور منی لانڈرنگ کیس میں یہ پکڑے گئے ہیں اور پھر نعرہ لگاتے ہیں کہ بجلی آ جائے گی، سال میں ایک ہی پاور پلانٹ کا پانچ پانچ بار افتتاح کرتے ہیں لیکن بجلی پھر بھی پوری نہیں ہوتی، نوازشریف، شہبازشریف نعرے لگواتے ہیں کہ ہمارے منصوبے چالیس سال تک یاد رکھے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ آپ کے ٹھپ لیکن ڈالر بناؤ منصوبے تو ضرور چالیس سال تک یاد رکھے جائیں گے جن میں سرفہرست تندور سکیم، آشیانہ سکیم، سستی روٹی، دانش سکول بھی شامل ہیں، آپ تو ہسپتالوں کی دوائیاں تک کھا گئے ہیں، مریض جھولیاں اٹھا اٹھا کر آپ کو بددعائیں دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیرآباد کارڈیالوجی ہسپتال اور سیالکوٹ سے وہاں تک ڈبل سڑک میں نے اپنی ذات کیلئے نہیں بلکہ عوام کیلئے بنوائے تھے، تم میری ایک تختی اتار کر اپنی دو تختیاں لگا لو لیکن مریضوں کی جان تو نہ لو، سیالکوٹ کو جدید بنانے کیلئے ہم نے بے شمار فنڈز یہاں پر خرچ کیے، لاہور۔ سیالکوٹ موٹروے کا ہمارا منصوبہ روک دینے سے سویڈن اور جرمنی کی دو انجینئرنگ یونیورسٹیاں جو یہاں بننا تھیں شہبازشریف کی ہٹ دھرمی سے انڈیا چلی گئیں، نوازشریف نے اس موٹروے کیلئے وہی فیتہ کاٹا جس کا میں نے اپنے دور میں سنگ بنیاد رکھا تھا۔ چودھری پرویزالٰہی نے مزید کہا کہ آج کسان گندم کی تیار فصل کو برباد ہوتا دیکھ کر خون کے آنسو رو رہا ہے، ہمارے دور میں حکومت کسان سے دانہ دانہ خرید لیتی تھی، مجھے فصلوں کیلئے اچھے بیج، کھاد، پانی اور باردانے کی کسانوں سے زیادہ فکر ہوتی تھی، زرعی ٹیوب ویل کا بل آدھا پنجاب حکومت ادا کرتی تھی، شہبازشریف نے آ کر بجلی کے نصف بل کی اور دیگر سہولتیں ختم کر دیں، چھوٹے زمینداروں اور گھروں پر ٹیکس لگا دیا، اگر ہم کامیاب ہوئے تو میں وعدہ کرتا ہوں کہ کالاباغ ڈیم کے ذریعے آپ کو تین روپے فی یونٹ سستی بجلی اور صاف پانی دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ان دونوں بھائیوں نے اٹھارہ سال تک حکمرانی کی ہے، پانامہ کی پکڑ اللہ کی طرف سے آئی ہے پاکستان کی سب سے بڑی عدالت سپریم کورٹ نے بھی اب ان کو چور اور ڈاکو قرار دے دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہبازشریف پنجاب کے بجٹ کا 63فیصد لاہور میں نمائشی منصوبوں پر خرچ کر رہے ہیں پنجاب کے عوام اپنے حق کیلئے اٹھیں اور آواز بلند کریں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں بھائیوں نے اعلان کیا تھا کہ چنیوٹ سے سونا نکل آیا ہے میں ان سے پوچھتا ہوں کہ وہ سونا اب کہاں ہے۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ پنجاب کے ہسپتالوں کی حالت دن بدن خراب سے خراب تر ہوتی جا رہی ہے، انہیں ایک چھینک آئے یا پھنسی نکلے تو لندن پہنچ جاتے ہیں، عوام کی بھی فکر کریں۔ کنونشن میں چودھری ظہیرالدین، محمد بشارت راجہ، چودھری انصر بریار، حق نواز بھلی، انجینئر شہزاد الٰہی، خواجہ وقار حسن، ڈاکٹر زین علی بھٹی، بلال شیرازی، مراز مظہر مشتاق، رمضان گوہر بھی موجود تھے۔

