نوازشریف نے سوچے سمجھے منصوبے کے تحت نامکمل نوٹیفکیشن جاری کروایا: چودھری پرویزالٰہی
May 1, 2017
Featured, News, Urdu News
618 Views
وزیراعظم نے فوج کو نیچا دکھانے کی کوشش کی ہے، قوم چاہتی ہے اصل مجرموں کو سزا دی جائے
لاہور(یکم مئی2017) پاکستان مسلم لیگ کے سینئرمرکزی رہنما و سابق نائب وزیراعظم چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ وزیراعظم نوازشریف نے سوچے سمجھے منصوبے کے تحت نیوز لیکس میں نامکمل نوٹیفکیشن جاری کروایا اور فوج کو نیچا دکھانے کی کوشش کی۔ وکلا کے ایک وفد سے یہاں اپنی رہائش گاہ پر بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ پہلی بار نہیں ہوا، انہوں نے فوج کو زچ کرنے کا کبھی کوئی موقع ہاتھ سے نہیں جانے دیا۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ فوج اس وقت پاکستان کے اندر اور باہر دونوں محاذوں پر حالت جنگ میں ہے اور قربانیاں دے رہی ہے، اس حالت جنگ میں وزیراعظم ہاؤس سے قومی راز کے افشا پر فوج کیسے خاموش رہ سکتی ہے، اس مسئلہ پر فوج میں اوپر سے نیچے ہر سطح پر سخت بے چینی اور تشویش پائی جاتی ہے۔ چودھری پرویزالٰہی نے مزید کہا کہ کوئی یہ ماننے کیلئے تیار نہیں ہو گا کہ وزیراعظم ہاؤس کا کوئی کارندہ اپنے طور پر اتنی اعلیٰ سطح کے سکیورٹی اجلاس کی خبر لیک کر سکتا ہے لہٰذا قوم یہ مطالبہ کرنے میں حق بجانب ہے کہ قومی راز افشا کرنے کے مرتکب اصل مجرموں کو بے نقاب کیا جائے اور انہیں قرار واقعی سزا دی جائے۔
