کرپشن اور عوام دشمن بجٹ کیخلاف احتجاج بھرپور ہو گا: چودھری پرویزالٰہی سے محمود الرشید کی ملاقات
June 3, 2017
Featured, News, Pictures, Urdu News
556 Views
تین سال میں 100 ارب کے گھپلوں پر تبادلہ خیال، شہبازشریف کی وارداتوں سے عوام کو آگاہ کرتے رہیں گے: اتفاق رائے
لاہور(03جون2017) پاکستان مسلم لیگ کے سینئرمرکزی رہنما و سابق نائب وزیراعظم چودھری پرویزالٰہی سے پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما اور پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر میاں محمود الرشید نے یہاں ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی اور موجودہ بجٹ کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ چودھری پرویزالٰہی نے اپوزیشن لیڈر کو پچھلے تین سال کے دوران پنجاب میں 100ارب روپے کے گھپلوں کے بارے میں تفصیلات سے آگاہ کیا۔ انہوں نے میاں محمود الرشید کی پنجاب اسمبلی میں کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن حکومت کے خلاف متحد ہے۔ ملاقات میں اس بات پر ااتفاق کیا گیا کہ پنجاب میں کرپشن، عوام دشمن بجٹ اور حکمرانوں کی من مانیوں کے خلاف پنجاب اسمبلی میں احتجاج کیا جائے گا اور شہبازشریف کی وارداتوں سے عوام کو آگاہ کرتے رہیں گے۔ اپوزیشن لیڈر میاں محمود الرشید نے چودھری پرویزالٰہی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کے کالے کرتوت عوام کے سامنے لانا ہمارا اولین فریضہ ہے، ن لیگی حکمرانوں کو عوام کے کسی طبقہ کے مسائل کے حل میں کوئی دلچسپی نہیں، انہیں حکومت کرنے کا تو بہت شوق ہے لیکن عوام کی عملی خدمت کرنے کا ان میں کوئی جذبہ نہیں، ان کا تمام تر زور گمراہ کن پراپیگنڈہ پر ہے۔

