فیصلہ جے آئی ٹی نے نہیں سپریم کورٹ نے کرنا ہے، انصاف کیلئے تمام جماعتیں اس کے ساتھ ہیں: چودھری شجاعت حسین
June 12, 2017
Featured, News, Pictures, Urdu News
575 Views
سینیٹر سراج الحق کی سربراہی میں انتخابی اصلاحات کیلئے کل جماعتی کمیٹی کے قیام کا فیصلہ، لوگ ووٹ ہمیں دیتے ہیں نکلتے مخالفین کی صندوقچیوں سے ہیں: چودھری پرویزالٰہی
پانامہ کیس فیصلہ تک نوازشریف وزیراعظم کے اختیارات استعمال نہ کریں، سانحہ ماڈل ٹاؤن پر تحریک چلے گی: خرم نواز گنڈاپور، محمود الرشید کا بھی مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب
لاہور(12جون2017) پاکستان مسلم لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ جے آئی ٹی فیصلہ کن باڈی نہیں، فیصلہ سپریم کورٹ نے کرنا ہے۔ وہ اپنی اور سینئرمرکزی رہنما و سابق نائب وزیراعظم چودھری پرویزالٰہی کی جانب سے امیر جماعت اسلامی کے اعزاز میں افطار ڈنر کے موقع پر سینیٹر سراج الحق، پاکستان عوامی تحریک کے خرم نواز گنڈاپور، پی ٹی آئی کے میاں محمود الرشید اور دیگر رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔ چودھری شجاعت حسین نے اس سوال پر کہ ڈاکٹر طاہر القادری نے جے آئی ٹی کو ن لیگ کا الیکشن سیل قرار دیا ہے کہا کہ جے آئی ٹی فیصلہ کن باڈی نہیں فیصلہ سپریم کورٹ نے کرنا ہے، میری آج ہی ڈاکٹر طاہرالقادری سے فون پر بات ہوئی ہے اور ہم جلد اس سلسلے میں ملاقات کریں گے، انصاف کیلئے تمام جماعتیں سپریم کورٹ کے ساتھ ہیں اور اس کے ساتھ کھڑا بھی ہونا چاہئے۔ افطار ڈنر میں شریک اپوزیشن جماعتوں کے رہنماؤں نے چودھری شجاعت حسین کی تجویز پر انتخابی اصلاحات کیلئے پارلیمنٹ کے اندر اور باہر کی تمام جماعتوں پر مشتمل کمیٹی بنانے پر اتفاق کیا جس کے سربراہ سینیٹر سراج الحق ہوں گے جو عید کے بعد اس سلسلہ میں آل پارٹیز کانفرنس بلائیں گے۔ تمام رہنماؤں نے انتخابی اصلاحاتی کمیٹی کی بھرپور حمایت کرتے ہوئے کہا کہ صاف شفاف اور دھاندلی سے پاک آئندہ الیکشن کیلئے اصلاحات ضروری ہیں لیکن حکومت اس بات سے اتفاق کے باوجود انتخابی اصلاحات نہیں کرنا چاہتی جبکہ 2ہزار سے زائد تجاویز پارلیمانی کمیٹی کو موصول ہو چکی ہیں۔ ان رہنماؤں نے زور دیا کہ پانامہ کیس کے فیصلہ تک نوازشریف وزیراعظم کے اختیارات استعمال نہ کریں۔ انہوں نے سانحہ ماڈل ٹاؤن کے مجرموں کو کیفر کردار تک پہنچانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ تین سال میں کچھ نہیں ہوا اس لیے اس سلسلہ میں کسی چھوٹی بڑی تحریک سے گریز نہیں کیا جائے گا۔ چودھری شجاعت حسین نے میڈیا سے گفتگو میں تمام رہنماؤں سے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ حکمران جماعت پانامہ کیس پر جے آئی ٹی کو متنازعہ بنانا چاہتی ہے لیکن ن لیگ کیلئے سپریم کورٹ پر ایک بار پھر حملہ کرنا آسان نہیں۔ انہوں نے ایک اور سوال کے جواب میں کہا کہ حسین کی نواز کی تصویر کوئی ایشو نہیں، جے آئی ٹی اپنی رپورٹ سپریم کورٹ کو پیش کرے گی اور وہ انشاء اللہ جو بھی فیصلہ کرے گی وہ درست ہو گا۔ چودھری شجاعت حسین نے انتخابی اتحاد کے بارے میں سوال کے جواب میں کہا کہ ہم صرف ان جماعتوں کے ساتھ چلیں گے جو صرف پاکستان کی بات کریں گی۔ چودھری پرویزالٰہی نے انتخابی اصلاحات کو ناگزیر قرار دیتے ہوئے کہا کہ لوگ ووٹ ہمیں دیتے ہیں لیکن وہ نکلتے مخالفین کی صندوقچیوں سے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ عمران خان ان اصلاحات کے بھرپور حق میں ہیں اور وہ مسلسل اس پر زور دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکمران ہمیشہ دھاندلی سے آگے آتے ہیں اس لیے وہ انتخابی اصلاحات کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہیں۔ چودھری شجاعت حسین، چودھری پرویزالٰہی، طارق بشیر چیمہ ایم این اے، چودھری ظہیرالدین، شافع حسین اور دیگر پارٹی رہنماؤں نے سینیٹر سراج الحق، خرم نواز گنڈاپور اور میاں محمود الرشید اور ان کے ساتھی رہنماؤں کا آمد پر پرتپاک خیرمقدم اور اظہار تشکر کیا۔ افطار ڈنر میں شرکت کرنے والوں میں جماعت اسلامی کے میاں مقصود احمد، ڈاکٹر وسیم اختر، حافظ سلمان بٹ، وقاض انجم، اظہر اقبال حسن، امیرالعظیم، ذکر اللہ مجاہد اور منیر شریف کے علاوہ ہائیکورٹ بار کے جنرل سیکرٹری عامر سعید راں، ممتاز قانون دانوں، پاکستان مسلم لیگ کے تمام ونگز کے عہدیداروں، میاں منیر اور دیگر سیاسی رہنماؤں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔#

