پاکستان مسلم لیگ انشاء اللہ آئندہ عوام کی پہلے سے زیادہ خدمت کرے گی: چودھری شجاعت حسین

ن لیگ خیبر پختونخواہ کے رہنما علی اصغر خان آف بٹل کی ساتھیوں سمیت پارٹی میں شمولیت پر گفتگو، اجمل وزیر اور دیگر رہنما موجود تھے

لاہور/اسلام آباد(04جولائی2017) پاکستان مسلم لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ انشاء اللہ عوام کی پہلے سے زیادہ خدمت کرے گی۔ وہ ن لیگ کے صوبائی رہنما اور ضلع مانسہرہ کی ممتاز سیاسی و سماجی شخصیت علی اصغر خان آف بٹل کی اپنے سینکڑوں ساتھیوں سمیت پاکستان مسلم لیگ میں شمولیت کے موقع پر گفتگو کر رہے تھے۔ علی اصغر خان نے چودھری شجاعت حسین سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی اور پاکستان مسلم لیگ کے مرکزی سینئر نائب صدر اور خیبر پختونخواہ و فاٹا کے چیف آرگنائزر اجمل خان وزیر کی موجودگی میں پارٹی کی قیادت پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ کے دور حکومت میں ہزارہ ڈویژن باالخصوص ضلع مانسہرہ میں جو ترقیاتی کام ہوئے اور اکتوبر 2005ء کے زلزلہ متاثرین کیلئے جس طریقے سے مشکل گھڑی میں عوام کیلئے کام کیا اس کی مثال نہیں ملتی۔ چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ ہماری سیاست کا محور غریب اور عام آدمی کی خدمت ہے، ہم نے اسی جذبہ سے ہزارہ اور مانسہرہ کے عوام کی فلاح و بہبود و ترقی کیلئے بھی کام کیا اور انشاء اللہ آئندہ اس میں مزید اضافہ ہو گا۔ اس موقع پر سینیٹر دلاور عباس، پیر الیاس، خالق نور وزیر اور دیگر شخصیات بھی موجود تھیں۔ چودھری شجاعت حسین نے امید ظاہر کی کہ اجمل خان وزیر پرانے لیگی رہنماؤں و کارکنوں اور علی اصغر خان بٹل جیسے نئے ساتھیوں کی مدد سے صوبہ میں پارٹی کو مزید مضبوط اور فعال بنائیں گے۔

Share