نوازشریف کے پاس استعفیٰ کے علاوہ کوئی راستہ نہیں: چودھری شجاعت حسین
July 12, 2017
Featured, News, Pictures, Urdu News
529 Views
مینوفیکچرنگ ڈیفکٹ سیاستدانوں میں نہیں نوازشریف میں ہے، شریف خاندان صرف کرپشن ہی نہیں پوری قوم سے دھوکہ دہی کا بھی مرتکب ہوا: چودھری پرویزالٰہی
سانحہ ماڈل ٹاؤن پر جسٹس باقر نجفی کی رپورٹ فوری پبلک کی جائے: چودھری شجاعت حسین کی زیرصدارت چار جماعتی اتحاد کا مطالبہ
لاہور(12جولائی2017) پاکستان مسلم لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین اور سینئرمرکزی رہنما و سابق نائب وزیراعظم چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ نوازشریف کے پاس عزت سے استعفیٰ دینے کے علاوہ کوئی راستہ نہیں بچا، مینوفیکچرنگ ڈیفکٹ سیاستدانوں میں نہیں نوازشریف میں ہے، پورا شریف خاندان صرف کرپشن ہی نہیں بلکہ عوام سے جھوٹ بولنے اور دھوکہ دہی کا بھی مرتکب پایا گیا، سانحہ ماڈل ٹاؤن پر جسٹس باقر نجفی کی رپورٹ فوری پبلک کی جائے۔ چودھری شجاعت حسین کی زیرصدارت چار جماعتی اتحاد کے اجلاس میں انہوں نے مزید کہا کہ ن لیگی وزرا جے آئی ٹی رپورٹ کے حوالے سے ابہام پھیلا کر ملک کو تصادم کی طرف لے جانا چاہتے ہیں۔ مسلم لیگی قائدین نے کہا کہ نوازشریف کی ہٹ دھرمی ملک و قوم کیلئے بدنامی کا باعث بن رہی ہے۔ اجلاس کے دوران چودھری شجاعت حسین نے ٹیلیفون پر امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق سے بھی رابطہ کیا اور موجودہ سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ اجلاس میں طارق بشیر چیمہ ایم این اے، چودھری ظہیرالدین، محمد بشارت راجہ، سالک حسین اور پاکستان عوامی تحریک کے خرم نواز گنڈاپور شریک تھے جبکہ سنی اتحاد کونسل کے صاحبزادہ حامد رضا اور مجلس وحدت المسلمین کے راجہ ناصر عباس سے ٹیلیفون پر رابطہ کیا گیا۔

