شہبازشریف ڈاکٹروں سے ظلم و زیادتی اور مریضوں کو مزید بدحال کر رہے ہیں: چودھری پرویزالٰہی
August 1, 2017
Featured, News, Urdu News
387 Views
اپنے مطالبات کیلئے وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ جانے سے روکنے کیلئے ڈاکٹروں کی دھلائی، پٹائی اور گرفتاریاں قابل مذمت ہیں، سرکاری ہسپتالوں کی حالت بہتر بنائی جائے
لاہور(یکم اگست2017) پاکستان مسلم لیگ کے سینئرمرکزی رہنما و سابق نائب وزیراعظم چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ شہبازشریف ڈاکٹروں سے ظلم و زیادتی اور مریضوں کو مزید بدحال کر رہے ہیں۔ انہوں نے نہایت معزز پیشہ سے تعلق رکھنے والے ڈاکٹروں کے جائز مطالبات کو مسلسل التوا میں ڈالنے اور سرکاری ہسپتالوں کی دن بدن بدتر سے بدترین ہوتی صورتحال پر سخت ترین الفاظ میں تنقید کرتے ہوئے ایک بیان میں کہا کہ ہسپتالوں میں ادویات، ضروری طبی سہولیات یہاں تک کہ بیڈ بھی نہ ملنے پر مریض پہلے ہی جھولیاں اٹھا کر موجودہ حکومت کو بددعائیں دیتے ہیں لیکن وہ صورتحال کو بہتر بنانے کی بجائے الاؤنسوں کی ادائیگی سمیت ڈاکٹروں کے مطالبات تسلیم نہ کر کے مریضوں کو مزید پریشانی میں مبتلا کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ جانے سے روکنے کیلئے پرامن ڈاکٹروں کی دھلائی، پٹائی اور گرفتاریوں کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے، یہ کیسے حکمران ہیں جنہیں عام اور غریب آدمی سمیت اتنے پڑھے لکھے ڈاکٹروں کے مسائل کی بھی پروا نہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ ایک طرف تو گرفتار ڈاکٹر فوری رہا اور ان کے جائز مطالبات نہ صرف تسلیم کیے جائیں بلکہ ان پر فوری طور پر عملدرآمد بھی کیا جائے اور معاملات کو التوا میں نہ ڈالا جائے جبکہ دوسری جانب سرکاری ہسپتالوں میں ادویات، آلات اور بستروں سمیت ضروری طبی سہولتوں کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔
