نوازشریف کی عدلیہ مخالف مہم کا مقصد نیب ریفرنسزپر اثرانداز ہونا ہے: چودھری پرویزالٰہی
August 26, 2017
Featured, News, Urdu News
361 Views
مجھے کیوں نکالا کی گردان کرنے کے بجائے سپریم کورٹ کا فیصلہ اردو ترجمہ کے ساتھ پڑھیں، ان کو اپنے ہر سوال کا جواب مل جائیگا
بارکونسلوں کو متحد ہو کر ن لیگ کی عدلیہ مخالف مہم کا نوٹس لینا چاہئے: وکلا کے وفد سے بات چیت
لاہور(26اگست2017) پاکستان مسلم لیگ کے سینئرمرکزی رہنما و سابق نائب وزیراعظم چودھری پرویزالٰہی نے اپنی رہائش گاہ پر وکلا کے ایک وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ نوازشریف کی سپریم کورٹ کے خلاف عدلیہ مہم افسوسناک ہے، وہ ’’مجھے کیوں نکالا‘‘کی گردان کرنے کے بجائے سپریم کور ٹ کا تفصیلی فیصلہ اردوترجمے کے ساتھ پڑھیں ان کو اپنے ہر سوال کا جواب مل جائے گا۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ نوازشریف کی عدلیہ مخالف مہم کا مقصد نیب ریفرنسز پر اثر انداز ہونا ہے مگر ان کی یہ کوشش کامیاب نہیں ہوگی کیونکہ پوری قوم اور وکلا سپریم کورٹ کے ساتھ کھڑے ہیں اور نیب ریفرنسز کا فیصلہ سپریم کورٹ کے حکم کے مطابق چھ ماہ کے اندر اندر ہوتے ہوئے دیکھنا چاہتے ہیں۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ نوازشریف کا پارٹی ریلیوں میں سپریم کورٹ سے فیصلہ واپس لینے کامطالبہ اس بات کا ثبوت ہے کہ وہ بدحواس ہو چکے ہیں، سپریم کورٹ نے ان کو صفائی کا پورا موقع دیا تھا، مگر وہ اپنی صفائی میں کاغذ کا ایک ٹکڑا بھی پیش نہ کر سکے اب وہ کس منہ سے کہتے ہیں کہ ان کے ساتھ انصاف نہیں ہوا ملک بھر کی بارکونسلوں کو متحد ہو کر ن لیگ کی عدلیہ مخالف مہم کا نوٹس لینا چاہئے۔
