نوازشریف کی پانامہ لیکس نے چھٹی کرائی، اورنج لیکس میں شہبازشریف کی رخصتی ہو گی: چودھری پرویزالٰہی
September 4, 2017
Featured, News, Pictures
339 Views
ماڈل ٹاؤن میں 14 افراد کے قتل میں جسٹس باقر نجفی کی رپورٹ کا جواب ہی نہیں حساب بھی دینا ہو گا: میڈیا سے گفتگو
لاہور(04ستمبر2017) پاکستان مسلم لیگ کے سینئرمرکزی رہنما و سابق نائب وزیراعظم چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ پانامہ لیکس نے بڑے بھائی وزیراعظم نوازشریف کی چھٹی کرائی جبکہ اورنج لیکس میں چھوٹے بھائی شہبازشریف کی رخصتی ہو گی۔ انہوں نے اس امر کا اظہار میڈیا سے گفتگو کے دوران کیا۔ مختلف سوالات کے جواب میں انہوں نے کہا کہ شہبازشریف پکڑے گئے تو کرپشن کے درجنوں کیس سامنے آئیں گے جبکہ انہیں ماڈل ٹاؤن لاہور میں 14 افراد کے قتل میں جسٹس باقر نجفی کی انکوائری رپورٹ کا جواب ہی نہیں بیگناہوں کی خونریزی کا حساب بھی دینا ہوگا۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ اورنج ٹرین کو ہم نے شروع ہی سے ڈالر بناؤ ٹرین کہا تھا اب ثابت ہو گا کہ دنیا میں سب سے زیادہ ڈالر جس نے بنائے اس کا نام شہبازشریف ہے، عدالتوں کو للکارنے والے اپنے انجام کی طرف بڑھ رہے ہیں، عدالتوں میں اپنی صفائی میں پیش کرنے کیلئے ان کے پاس کچھ نہیں، اورنج لائن کے علاوہ جنگلہ بس اور دیگر نمائشی منصوبوں و سکیموں میں لوٹ مار کے بعد چھوٹے میاں بچ نہیں سکیں گے۔ چودھری پرویزالٰہی نے مزید کہا کہ عوام کو آج جن مسائل اور پاکستان کو خارجہ محاذ پر جس بحران کا سامنا ہے اس کے ذمہ دار صرف اور صرف نوازشریف ہیں۔ انہوں نے 4 سال وزیرخارجہ کا عہدہ بھی سنبھالے رکھا لیکن خارجہ تعلقات میں بہتری کیلئے کچھ نہیں کیا خود تو نااہلی کا شکار ہوئے ملک کو بھی مشکلات میں چھوڑ گئے۔ چودھری پرویزالٰہی نے عیدالاضحی کی نماز چودھری وجاہت حسین، مونس الٰہی، راسخ الٰہی، شافع حسین اور فیملی کے دیگر افراد و پارٹی رہنماؤں و کارکنوں کی بڑی تعداد کے ہمراہ گجرات میں ادا کی اور اپنے آبائی قبرستان جا کر فاتحہ خوانی کی پارٹی رہنماؤں، شعبہ حیات سے تعلق رکھنے والی شخصیات اور عام لوگ ان سے عید ملے۔


