چودھری ظہورالٰہی شہید کی برسی پیر 25 ستمبر کو منائی جا رہی ہے
September 24, 2017
Featured, News, Pictures, Urdu News
439 Views
وہ واحد سیاستدان تھے جو ایبڈو کے الزامات میں باعزت بری ہوئے، ضمیر کے قیدی بھی قرار دئیے گئے
لاہور(24ستمبر2017) چودھری ظہورالٰہی شہید کی برسی 25ستمبر پیر کو منائی جا رہی ہے۔ مختلف شہروں میں اجتماعات اور قرآن خوانی کے علاوہ گجرات میں ان کی رہائش گاہ پر حسب معمول بڑا اجتماع 10 بجے صبح منعقد ہو گا جس میں ان کو دلی طور پر خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے پاکستان مسلم لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین، سینئرمرکزی رہنما و سابق نائب وزیراعظم چودھری پرویزالٰہی اور اہل خاندان کے علاوہ ملک بھر سے مختلف سیاسی شخصیات، پاکستان مسلم لیگ کے رہنما، کارکن اور ہر شعبہ حیات سے تعلق رکھنے والوں کی بڑی تعداد شرکت کرے گی۔ چودھری ظہورالٰہی شہید اپنی عظیم سیاسی، سماجی اور فلاحی خدمات کے باعث آج بھی عوام کے دلوں میں زندہ ہیں، شہید رہنما نے اپنی سیاسی سرگرمیوں کا آغاز تحریک پاکستان کے دوران قائداعظم محمد علی جناحؒ کی قیادت میں مسلم لیگ کے ایک کارکن کی حیثیت سے کیا اور قیام پاکستان کے بعد بھارتی پنجاب جا کر محصور اور مغوی مسلمان خواتین کو ہندوؤں اور سکھوں کے چنگل سے نجات دلا کر پاکستان لانے میں اہم کردار ادا کیا، اپنی صاف ستھری سیاست کے باعث وہ واحد سیاستدان تھے جو ایبڈو کے تحت لگائے گئے الزامات سے باعزت بری ہوئے اور بعد ازاں اپنی حق گوئی، دلیری، بے باکی کے باعث اور اصولوں کی سربلندی کیلئے آواز بلند کرنے پر قید و بند کی صعوبتیں ملنے پر ضمیر کے قیدی بھی قرار دئیے گئے۔ یہی وجہ ہے کہ آج بھی ان کی خدمات کا اعتراف اور ہر مکتبہ فکر میں ان کا نام نہایت احترام و محبت سے لیا جاتا ہے۔
