’’ختم نبوت‘‘ نوازشریف کے ایماء پر حکومت منافقت کر رہی ہے: چودھری شجاعت حسین
November 15, 2017
Featured, News, Pictures, Urdu News
350 Views
حکمران بیرونی آقاؤں کو خوش کرنا چاہتے ہیں، عوامی جذبات کی ترجمانی پر عدلیہ، مولانا اللہ وسایا، خادم حسین رضوی اور پیر افضل قادری سمیت دیگر علماء کی کوششوں پر انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہیں
لاہور(15نومبر2017) پاکستان مسلم لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین سے مجلس وحدت المسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے وفد کے ہمراہ ملاقات کی۔ وفد میں علامہ احمد اقبال رضوی، علامہ مبارک موسوی، محسن شہریار، میجر (ر) فخر، شکیل عباس جبکہ شبیر حسین شاہ اور شیخ عمر حیات بھی موجود تھے۔ چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ حکمرانوں نے عقیدہ ختم نبوت اور تحفظ ناموس رسالتﷺ کے قوانین میں ردوبدل کر کے بیرونی آقاؤں کو خوش کرنے کی ہر ممکن کوشش کی مگر ختم نبوت پر ایمان رکھنے والوں نے حکمرانوں کے یہ عزائم خاک میں ملا دئیے، ان کی امیدوں پر اسلام آباد ہائیکورٹ کے واضح فیصلے نے بھی پانی پھیر دیا ہے مگر افسوس کہ حکومت اب بھی منافقت سے کام لے رہی ہے اور ابھی تک عدالتی فیصلے پر عملدرآمد شروع نہیں کیا اور نہ ہی کسی حکومتی نمائندے نے اس بارے میں کوئی وضاحتی بیان جاری کیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ دراصل یہ سب میاں نوازشریف کے ایما پر کیا جا رہا ہے، کمیٹیاں بنا کر معاملے کو سردخانے میں ڈالنے کی کوشش کی جا رہی ہے لیکن ختم نبوت پر ایمان رکھنے والے حکمرانوں کی ان چالوں کو کبھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے، عدلیہ نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے عوام کے جذبات کی ترجمانی کی ہے جس پر ہم عدلیہ اور درخواست دائر کرنے والے مولانا اللہ وسایا کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں لیکن پارلیمنٹ میں موجود دینی جماعتیں اور دیگر اپوزیشن جماعتیں بالکل خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں، حلف نامہ ختم نبوت کی ذیلی شقوں کا تاحال بحال نہ ہونا حکومت کی انتہائی منافقت کا ثبوت ہے۔ چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ ہم ختم نبوت کیلئے خادم حسین رضوی، پیر افضل قادری اور دیگر علماء کرام کے دھرنے کی مکمل حمایت کرتے ہیں، تحفظ ختم نبوت تمام مسلمانوں کا دینی فریضہ ہے مگر حکمران ناموس رسالتﷺ کے تحفظ کی بجائے منکرین ختم نبوت اور گستاخان رسالت کو تحفظ دینے میں مصروف ہیں۔ چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ مجلس وحدت المسلمین کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل ناصر شیرازی کو اغوا ہوئے 15 روز گزر چکے ہیں لیکن کسی حکومتی ادارے نے آج تک تسلیم نہیں کیا کہ وہ کس کی تحویل میں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہماری جماعت سینیٹ میں پوائنٹ آف آرڈر پر اس سلسلے میں آواز بلند کرے گی۔ علامہ راجہ ناصر عباس نے چودھری شجاعت حسین اور چودھری پرویزالٰہی کا ناصر شیرازی کی گرفتاری پر ان کے موقف کی تائید پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ حکمران بوکھلاہٹ کا شکار ہیں اور ادھر ادھر ٹکریں مار رہے ہیں۔

