عید میلادالنبیﷺ اس بار عزمِ تحفظ ختم نبوتﷺ کے ساتھ منانا چاہئے: چودھری شجاعت حسین، پرویزالٰہی، مونس الٰہی

عاشقانِ رسول ﷺ نے ختم نبوت قانون میں نقب لگانے کی ن لیگی سازش ناکام بنا دی

لاہور(30نومبر2017) پاکستان مسلم لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین، سینئرمرکزی رہنما و سابق نائب وزیراعظم چودھری پرویزالٰہی اور مونس الٰہی نے یوم عید میلادالنبی ﷺ پر قوم کے نام اپنے پیغام میں کہا ہے کہ 12ربیع الاوّل اس بار عزمِ تحفظ ختم نبوتﷺ کے ساتھ منانا چاہئے، عاشقان رسول ﷺ نے ختم نبوت حلف نامہ میں نقب لگانے کی ن لیگی سازش ناکام بنا کر ثابت کر دیا ہے کہ پاکستانی قوم کیلئے ناموس رسالت ﷺ سے بڑھ کر کوئی چیز نہیں اور اس کیلئے وہ جان ومال سمیت ہر طرح کی قربانی دینے کیلئے ہمہ وقت تیار ہے۔ مسلم لیگی قائدین نے کہا کہ اسلام امن و سلامتی کا دین ہے، پیغمبر اسلام ﷺ کی ذات اقدس کو رحمت اللعالمین ﷺ کا لقب دے کر دنیا میں بھیجا گیا لہٰذا آج ان کے یوم ولادت باسعادت پر صدق دل کے ساتھ یہ عہد کرنے کی بھی ضرورت ہے کہ رحمت اللعالمین ﷺ کے ایک سچے عاشق کے طور پر ہم ہر سطح پر اسلام کے امن و سلامتی کے پیغام کو انفرادی اور اجتماعی طور پر عام کرنے کی کوشش کریں گے اور جبروتشدد کی ہر صورت کو مسترد کرتے ہوئے اسلام پر انتہاپسندی کا لیبل لگانے کی عالمی سازش بھی ناکام بنا دیں گے۔

Share