سانحہ ماڈل ٹاؤن: شہبازشریف گینگ جو بھی کر لے قانونی شکنجہ سے نہیں بچے گا: چودھری پرویزالٰہی
December 5, 2017
Featured, News, Pictures, Urdu News
470 Views
رابطے جاری، ہمارے پرانے ساتھیوں کا فعال ہونا خوش آئند ہے: چکوال سے سابق ایم پی اے تقلید رضا شاہ سے گفتگو
لاہور(05دسمبر2017ء) پاکستان مسلم لیگ کے سینئرمرکزی رہنما و سابق نائب وزیراعظم چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ ماڈل ٹاؤن لاہور میں خون کی ہولی میں ملوث شہبازشریف گینگ جو بھی کر لے وہ قانون کے شکنجہ سے نہیں بچ سکے گا اور بیگناہوں کے خون کا حساب دینا ہو گا۔ وہ چکوال سے سابق رکن پنجاب اسمبلی سید تقلید رضا شاہ سے ملاقات میں گفتگو کر رہے تھے۔ سید تقلید رضا نے چودھری شجاعت حسین اور چودھری پرویزالٰہی پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ کو فعال بنانے کیلئے کارکن متحرک ہیں۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ آج بھی عوامی خدمت میں سرفہرست ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیاست میں دروازے بند نہیں کیے جاتے جمہوری عمل کو مضبوط کرنے کیلئے رابطوں کا سلسلہ جاری ہے، ہمارے پرانے ساتھیوں کا فعال ہونا خوش آئند ہے۔ انہوں نے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کی جسٹس باقر نجفی انکوائری رپورٹ پبلک کرنے کے بارے میں لاہور ہائیکورٹ کے واضح حکم کے بعد بھی پنجاب حکومت نے یہ حکم ماننے سے انکار کر دیا، اب ہائیکورٹ کے فل بینچ کے فیصلہ سے بھی واضح ہو گیا کہ ماڈل ٹاؤن میں بیگناہوں کے قاتل جتنا بھی بھاگ لیں وہاں جاں بحق اور زخمی ہونے والوں کا خون رنگ لا کر رہے گا اور یہی ہمارا پہلے دن سے موقف ہے کہ دنیاوی وسائل اور ہتھکنڈے انہیں خدائی انصاف سے نہیں بچا سکتے۔

