حکومت نے سب کی زندگی مشکل بنا دی: چودھری پرویزالٰہی سے سول سوسائٹی کے وفد کی ملاقات
December 14, 2017
Featured, News, Pictures, Urdu News
434 Views
آپ کے تمام منصوبوں میں ویژن اور عوامی ترجیحات تھیں، شہبازشریف نے خود کچھ کیا نہ این جی اوز کو کرنے دے رہے ہیں: عبداللہ ملک
لاہور(14دسمبر2017ء) پاکستان مسلم لیگ کے سینئرمرکزی رہنما و سابق نائب وزیراعظم چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ حکمرانوں نے ہر کسی کی زندگی مشکل بنا دی ہے کیونکہ وہ ویژن اور عوامی خدمت کے جذبے سے محروم ہیں، یہی وجہ ہے کہ انہوں نے ہمارے 1122 سمیت بہت سے منصوبوں کو بند کرنے کی کوشش کی لیکن ناکام رہے۔ وہ سول سوسائٹی کے سربراہ عبداللہ ملک کی قیادت میں وفد سے گفتگو کر رہے تھے جس نے یہاں ان کی رہائش گا پر ملاقات کی اور اپنے مسائل سے آگاہ کیا۔ ملاقات کرنے والوں میں عورت فاؤنڈیشن، برداشت فاؤنڈیشن، ہوم لینڈ پاکستان، لیبر ایجوکیشن فاؤنڈیشن، ٹیچرز ایسوسی ایشن فاؤنڈیشن، آواز فاؤنڈیشن، بھٹہ مزدور اینڈ چائلڈ لیبر فاؤنڈیشن کے نمائندے شامل تھے۔ وفد میں خالد محمود چودھری، مہر صفدر علی، انجم رفیق، آمنہ الفت، نسیم الرحمن، سمعیہ یوسف، شہناز اقبال، سارہ شیراز اور رقیہ صدیقی شامل تھیں۔ وفد کے سربراہ اور دیگر ارکان کا کہنا تھا کہ آپ کے قائم کردہ تمام منصوبوں میں ویژن اور عوامی ترجیحات نمایاں دکھائی دیتی ہیں جبکہ ن لیگ کے حکمرانوں نے عوام کیلئے خود کچھ کیا ہے اور نہ این جی اوز کو کچھ کرنے دے رہے ہیں بلکہ آپ کے دور میں حاصل مراعات اور کام کرنے کے مواقع بھی ختم کر رہے ہیں۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ ہماری سیاست کا محور ہمیشہ عام اور غریب آدمی رہا ہے اس لیے ہم نے محروم طبقوں کیلئے خصوصی فلاحی کام کیے، پنجاب میں میٹرک تک مفت تعلیم و کتابیں، ایمرجنسی میں مفت ادویات اور بچوں کیلئے وظیفہ مقرر کیا، چائلڈ لیبر کے حوالے سے قانون سازی کر کے بھیک مانگنے والے بچوں کیلئے ادارے بنائے جہاں انہیں تعلیم دی جاتی تھی، صرف لاہور میں بچوں سے بھیک منگوانے والے 14 گینگ پکڑ کر ان کو سزائیں دلوائیں، چائلڈ پروٹیکشن بیورو بنایا۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے جو کام کیے وہ شہبازشریف نہ چاہتے ہوئے بھی جاری رکھنے پر مجبور ہیں، پولیو کا شکار بچوں کو مفت وہیل چیئر، سننے والے آلات، فری ٹرانسپورٹ فراہم کی، سپیشل بچوں کو سال میں چار مفت یونیفارم دی جاتی تھیں، ان کو پڑھانے کیلئے اساتذہ کی تنخواہیں دوگنا کر دیں، ریسکیو 1122 سروس کا آغاز کیا جو آج بھی بڑی کامیابی کے ساتھ جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے جو بھی منصوبہ شروع کیا پہلے اس کے تمام پہلوؤں اور خدوخال کا جائزہ لیا پھر اسے شروع کیا۔ یہی وجہ تھی کہ ہمارے شروع کیے گئے منصوبے شہبازشریف بھی بند نہیں کر سکے۔ اس موقع پر سول سوسائٹی کے ارکان نے این جی اوز کو درپیش مشکلات سے آگاہ کیا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ سول سوسائٹی کے مسائل کو ایوانوں میں اٹھایا جائے گا، ن لیگ کی حکومت کا این جی اوز کے ساتھ سلوک غیرقانونی ہے۔ انہوں نے کہا کہ چودھری پرویزالٰہی کے دور میں این جی اوز کو جو حقوق اور آزادی حاصل تھی ان کو ن لیگ نے یکساں ختم کر دیا ہے، حکومت کے ساتھ مل کر کام کرنے والی این جی اوز کو بھی محدود کر دیا گیا ہے جو کہ انسانی حقوق کے منافی ہے۔#

