پاک چین دوستی حکومتوں نہیں عوام کے درمیان ہے: چودھری شجاعت حسین، پرویزالٰہی سے چینی سفیر کی ملاقات

معزز مہمان نے چودھری پرویزالٰہی کے دور میں قائم کردہ فیصل آباد اور سندر انڈسٹریل اسٹیٹس کو سراہا، ملاقات میں طارق بشیر چیمہ، کامل علی آغا، مونس الٰہی، سالک حسین موجود تھے

لاہور(14جنوری2018) پاکستان میں چین کے سفیر یاؤ جنگ (Mr. Yao Jing) نے پاکستان مسلم لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین اور سینئرمرکزی رہنما و سابق نائب وزیراعظم چودھری پرویزالٰہی سے یہاں ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی اور دونوں ملکوں کے تعلقات، باہمی تعاون اور دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا۔ پاکستان اور چین میں دو طرفہ مضبوط تعلقات، بھائی چارے اور برسوں کی دوستی کے رشتہ کو لازوال قرار دیتے ہوئے کہا گیا کہ یہ دوستی حکومتوں کے درمیان نہیں بلکہ عوام کے درمیان ہے اور یہی اس کی پائیداری اور غیر متزلزل بنیاد ہے۔ چینی سفیر نے پنجاب میں چودھری پرویزالٰہی کی حکومت کے دوران فیصل آباد اور سندر انڈسٹریل اسٹیٹس کے قیام کو باالخصوص سراہا۔ ملاقات میں پارٹی کے سیکرٹری جنرل طارق بشیر چیمہ ایم این اے، سینیٹر کامل علی آغا، مونس الٰہی، سالک حسین اور رانا خالد بھی موجود تھے۔ مسلم لیگی قائدین نے چین کی ترقی کو دنیا بھر کیلئے مثالی قرار دیتے ہوئے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں میں زیرو کرپشن کی چینی مثال کو سامنے رکھنا ہو گا تاکہ قوم کا قیمتی سرمایہ کوئی بھی خرد برد نہ کر سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سی پیک صرف دونوں ملک کے مفاد میں ہی نہیں بلکہ یہ پورے خطہ کے عوام کے مفاد میں ہے۔

Share