نااہل نوازشریف خود کو کشمیر میں اہل اور پاکستان میں نااہل کہہ کر غداری کے مرتکب ہوئے ہیں: چودھری ظہیرالدین
February 6, 2018
Featured, News, Urdu News
221 Views
قائداعظمؒ نے کشمیر کو پاکستان کا اٹوٹ انگ قرار دیا تھا، نوازشریف کیسے کشمیر اور پاکستان کو الگ کر سکتے ہیں
ہر کوئی عوامی عدالتیں لگا لے تو پولیس اور عدلیہ کے پاس کون جائیگا، نوازشریف کیخلاف غداری کا مقدمہ درج ہونا چاہئے
لاہور(06فروری2018) پاکستان مسلم لیگ کے صوبائی جنرل سیکرٹری چودھری ظہیرالدین نے کہا ہے کہ نااہل نوازشریف اپنے آپ کو کشمیر میں اہل اور پاکستان میں نااہل کہہ کر پاکستان سے غداری کے مرتکب ہوئے ہیں، بابائے قوم قائداعظمؒ نے کشمیر کو پاکستان کا اٹوٹ انگ قرار دیا تھا کہ کشمیر اور پاکستان ایک دوسرے کیلئے لازم و ملزوم ہیں، کشمیر کے بغیر پاکستان مکمل نہیں ہو سکتا۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر کو پاکستان سے علیحدہ قرار دینا آئین پاکستان کے بھی خلاف ہے، اپنے حالیہ جلسے میں بار بار نوازشریف نے اسی آئین کی خلاف ورزی کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عدلیہ نے نوازشریف کو کرپشن کی بنا پر نااہل قرار دیا ہے، اپنے جلسوں میں عوامی عدالت لگاتے ہیں اور اپنے بلائے ہوئے پارٹی کارکنوں کے سامنے اپنی بے گناہی ثابت کرتے ہیں جبکہ عدالتوں کے سامنے وہ کوئی ثبوت پیش نہیں کر سکے اور جعلی دستاویزات پیش کرنے پر بھی ان کے خلاف مقدمہ درج ہونا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ اگر ہر کوئی اسی طرح اپنی عدالتیں لگانا شروع کر دے تو پھر پولیس اورعدلیہ میں کون جائے گا اور ان اداروں کا احترام کون کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ میں نوازشریف سے بھی کہتا ہوں کہ آپ اداروں کو عزت دیں۔
